تہران : یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے نائب سربراہ اور ویانا مذاکرات کے رابطہ کار انریکہ مورا منگل کی شب ایران کے دارالخلافہ تہران پہنچ رہے ہیں جہاں ان کی ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ علی باقری کنی سے ملاقات طے ہے۔ خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق مورا اپنے دورہ ایران کے موقع پر 11 مئی بروز بدھ نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور او مذاکرات کار اعلیٰ علی باقری کنی سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران اور پی فور پلس ون کے نام سے معروف پانچ بڑی طاقتوں کے درمین آسٹڑیائی دارالخلافہ ویانا میں 2015کے جوہری معاہدے کے، جس کے تحت ایران کے اوپر سے تمام پابندیاں ہٹا لی گئی تھیں، احیا کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ لیکن مئی 2018کو امریکہ نے یکطرفہ طور پر خود کو معاہدے سے ہٹا کر ایران پر پھر پابندیاں عائد کردی تھیں۔اب ویانا میں جاری ان مذاکرات میں زبردست تبادلہ خیال کے بعد اب امریکہ کی باری ہے کہ وہ اپنا فیصلہ کرے ۔
ویانا میں مذاکرات کے بعد ایران اور پانچ بڑی طاقتوں کے سینئر مذاکرات کار اپنے اپنے دارالحکومت روانہ ہوگئے اور انہوں نے مذاکرات کے یورپی رابطہ کار کی طرف سے پیغامات کے تبادلے کے ذریعے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مورا نے 27 مارچ کو تہران کا دورہ کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت نائب ایرانی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں اور پھر وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پیغامات اور نکات امریکہ کے حوالے کر نے اور فیصلوں کو حتمی شکل دینے کے لیے واشنگٹن ہرواز کر گئے تھے ۔
