خرطوم: سوڈان میں ٹائلز بنانے والی ایک فیکٹری میںگیس ٹینکر دھماکہ اور اس کے بعد ہونے والی آتشزدگی میں کم از کم23افراد ہلاک اور130دیگر زخمی ہو گئے۔
دارالخلافہ خرطوم میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے عہدیداروں کے مطابق منگل کے روز ایک ٹائل فیکٹری میں ہونے والے ایل پی جی ٹینکر دھماکے کے ہلاک شدگان میں18 ہندوستانی مزدور بھی شامل ہیں۔
لیکن سفارت خانہ سے ان ہندوستانیوں کی شناخت ابھی تک نہیں بتائی گئی۔البتہ اتنا معلوم ہوا ہے کہ اس ٹائل فیکٹری میں 50 سے زائدہندوستانی بھی ملازمت کرتے ہیں۔
ابھی تک جو اطلاعات ملی ہیں ان سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
خرطوم کے ڈسٹرکٹ پولس سربراہ بریگیڈیرجنرل حسن عبداللہ کے مطابق زخمیوں میں سے چھ کی حالت نہایت نازک ہے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں مختلف قومیت کے لوگ ہیں جن میں ایشیائی باشندے بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ٹینکر سے کھیپ اتاری جارہی تھی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹینکر ہوا میں اڑتا ہوا ایک قریبی علاقہ میں جا گرا۔اور کمپلکس میں کھڑی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق اس دھماکہ سے زبردست جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ دھماکہ کے بعداس صنعتی زون میں آگ لگ گئی اور آسمان پر سیاہ دھویں کی چادر سی تن گئی۔
ملک کی احتجاجی تحریک سے وابستہ ڈاکٹروں کی ایک کمیٹی نے بتایا کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو خرطوم کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔کمیٹی نے ڈیوٹی ختم کر کے جانے والے ڈاکٹروں سے مدد کرنے کہا ۔