Explosion at wedding kills five in Yemenتصویر سوشل میڈیا

صنعا: (اے یو ایس) یمن میں باغی حوثی ملیشیا نے سال نو کے موقع پر ایک شادی خانہ کو اس وقت ماتم کدے میں تبدیل کردیا جب انہوں نے شادی ہال کو نشانہ بنا کر ایک گولہ داغا جس میں کم و بیش درجن بھر مہمان ہلاک و زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ الحدیدہ شہر کے جنوبی حصے میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں ایئرپورٹ روڈ پر واقع المنصور ہال میں شادی کے حوالے سے خواتین کی ایک تقریب جاری تھی۔ اس دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا توپ کا گولہ مذکورہ ہال کے نزدیک گرا۔ جس میں 5 خواتین جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔

یمنی مشترکہ فورسز کے عسکری میڈیا کے مطابق یہ گولہ الحدیدہ شہر کے مشرق میں حوثیوں کے زیر کنٹرول پارک “حدیدہ لینڈ” سے داغا گیا۔ادھر یمنی وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے ایران نواز حوثی ملیشیا کی اس وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایک توپ کا گولہ شادی ہال کے سامنے آ کر گرا۔

ہفتے کے روز اپنی ٹویٹ میں الاریانی کا کہنا تھا کہ “حوثی ملیشیا کی جانب سے مرتکب یہ مجرمانہ کارروائیاں تشدد، قتل، خون ریزی اور شہریوں کی جانوں کی عدم پروا پر مبنی روش کا ثبوت ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ “حوثی ملیشیا کی جانب سے اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھنا عالمی برادری کی مستقل خاموشی کا براہ راست نتیجہ ہے”۔

دوسری جانب الحدیدہ صوبے کے جنوبی ضلع الحوک کے رہائشی علاقے منظر سے جمعے کے روز مسلسل دوسرے دن مزید خاندانوں کی نقل مکانی دیکھنے میں آئی۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے جاری گولہ باری کے سبب یہ لوگ الخوخہ ضلع کا رخ کر رہے ہیں۔ حوثیوں کی بم باری کے نتیجے میں مذکورہ رہائشی علاقے میں اب تک درجنوں گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *