اقوام متحدہ : انجمن اقوام متحدہ میں افغانستان کے ایلچی نصیر احمد فائق نے افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باقاعدہ شکایت درج کرائی ہے۔ کونر اور خوست صوبوں کے کچھ علاقوں میں پاکستانی فضائی حملوں پر اندرون و بیرون ملک شدید ردعمل بشمول سخت احتجاج کے پیش نظر نصیر احمدفائق نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی فضائی حملوں کی بابت باقاعدہ شکایت درج کرادی ہے۔
دریں اثنا پشتون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) کے رہنما منظور پشتین نے خوست اور کونر کے کچھ علاقوں میں پاکستانی بمباری کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ منظور پشتین نے کہا کہ ہم اس حکومت سے جو خود کو خود مختار قرار دیتی ہے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر اس کا خود مختاری کا دعویٰ سچا ہے تو پاکستانکے نو منتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف یہ اجتماع آپ کو موقع دے رہا ہے کہ اس اجتماع کے اختتام تک یعنی24گھنٹے کے اندر افغان علاقوں پر پاکستانی فضائی حملوں پر اپنا ردعمل ظاہر کریں۔گذشتہ دو عشروں میں یہ پہلا موقع ہے کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کے کسی ایلچی نے افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کیا اور باقاعدہ سرکاری سطح پر پاکستان کے خلاف شکایت درج کرائی۔
بین الاقوامی تعلقات پر دسترس رکھنے والے جاوید سنگدل نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اس سے کچھ حاصل ہوگا ۔اور میرے خیال میں افغانستان اور اقوام متحدہ میں اس کے مستقل نمائندے کی جانب سے کیے گئے ایسے کسی اقدام کا کوئی نتیجہ بر آمد ہو گا۔اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے کئی معاملات سلامتی کونسل میں پیش کیے جاچکے ہیں لیکن معاملہ ٹائیں ٹائیں فش رہا اور آج تک معلوم نہیں ہو سکا کہ ان شکایتوں کا کیا نتیجہ نکلا۔
