نئی دہلی: پاکستان نے ،جو ہندوستان کے خلاف زہر اگلنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتا۔ حسب معمول یوم جمہوریہ کے موقع پر بھی خوب زہر اگلا۔اس بار اس نے کسان ٹریکٹر ریلی میں تشدد کے حوالے سے اشتعال انگیز بیان جاری کیاہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی نریندر مودی حکومت تحریک چلا رہے کسانوں کی آواز دبانے میں ناکام رہی ہے اور اب پورا ہندوستان کسانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان کے سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے وزیر فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دنیا کو ہندوستان کی جابرانہ حکومت کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔
واضح ہو کہ کسان گذشتہ دو ماہ سے دہلی کی مختلف سرحدوں پر احتجاج کر رہے ہیں ، لیکن یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والے تشدد میں شامل مظاہرین سے کسان تحریک کی قیادت کرنے والے نمائندوں نے خود کو الگ کردیا ہے۔ لال قلعہ پر ایک نوجوان کے جھنڈا لہرانے کے بعد یہ معاملہ اور طول پکڑ گیا ہے۔ یہ جھنڈاوہیں لہرایا گیا تھا جہاں یوم آزادی پر ترنگا لہرایا جاتا ہے۔
یوم جمہوریہ پریڈ کے انعقاد کے بعد طے شدہ سڑک پر کسانوں کو ٹریکٹر پریڈ کرنے کی اجازت تھی لیکن ان شرائط کی خلاف ورزی کی گئی۔ بہت ساری جگہوں پر مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور لاٹھی چارج ہوا۔ پولیس نے کچھ جگہوں پر امن قائم کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔