سری نگر: (اے یو ایس) نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر کے پنچایت انتخابات میں حصہ نہیں لینے کو اپنی غلطی قرار دیا ہے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی ضرور انتخابات میں شرکت کرے گی۔ دراصل، منگل کو نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کی۔ اسی موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔یہ پروگرام جموں وکشمیر کے پنچایت نمائندوں کو مضبوط کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام کی صدارت لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کی، جبکہ اس پروگرام میں جموں وکشمر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔
پروگرام میں جموں وکشمیر کے پنچایت نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کو خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کئی بڑی باتیں کہیں۔ حالانکہ پہلی بار فاروق عبداللہ نے مانا کہ پنچایت انتخابات میں حصہ نہ لینا، ان کی پارٹی کی غلطی تھی اور انہیں اس بات کا افسوس ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج بھی یہ علاقہ دہشت گردی سے متاثر ہے اور پنچایت نمائندوں کی سیکورٹی سبھی کی اولین ترجیحات ہونی چاہئے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں کئی نمائندوں کا قتل ہوا ہے۔
سیکورٹی کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے، اگر ہم وطن کے ساتھ کھڑے ہیں، تو نمائندوں کا تحفظ آپ کی ذمہ داری ہے۔فاروق عبداللہ نے پنچایت نمائندوں سے کہا کہ آپ لوگ یہ مان کر چلیں کہ آپ لوگ عام لوگوں کے ساتھ اللہ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ آپ کی ذمہ داری ان کے تئیں بھی ہے۔ ہم مسلسل اس بات کو دوہراتے ہیں کہ مذہب نہیں سکھاتا، آپس میں بیر رکھنا۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے کہا کہ باہر سے زیادہ دشمن ہمارے اندر بیٹھے ہوئے ہیں، ہمین دشمن کے بارے میں سمجھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا وقت آنے والا، جس کا آپ کو جواب دینا ہوگا۔