نئی دہلی: حکومتی ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق مزید 15ممالک نے ہندوستان کے کوویڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو تسلیم کیا ہے۔ وزارت خارجہ سے گذشتہ روز جاری بیان میں خارجہ ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کیا کہ کوویڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی باہمی رضامندی کا سلسلہ جاری ہے ۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو تسلیم کرنے کے لیے کئی ممالک کے ساتھ باہمی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ان میں اب تک آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بیلاروس، ایسٹونیا، جارجیا، ہنگری، ایران، قازقستان، کرغزستان، لبنان، ماریشس، منگولیا، نیپال، نکاراگوا، فلسطین، فلپائن، سان مارینو، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، ترکی اور یوکرین شامل ہیں۔نے یہ اطلاع دی۔
قبل ازیں اس ماہ کے اوائل میں وزار ت صحت و خاندانی بہبود نے کہا تھا کہ تقریباً 100ممالک ہندوستان کے کوویڈ ویکسین اور ٹیکہ کاری عمل کو باہمی رضا مندی دے چکے تھے۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے بہت سے ممالک بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے پیش نظر ہندوستان میں دیے گئے کوویڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ یہاں آنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو وہاں جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
