منیلا:فلپائن کے دارالحکومت میں فلپائن میں ٹی شرٹ پرنٹنگ کی دکان کے طور پر استعمال ہونے والے ایک دو منزلہ مکان میںآتشزدگی سے کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ13 جھلس کر زخمی ہوگئے۔مقامی حکام کے مطابق مکان کو رہائش کے ساتھ کپڑوں کی پرنٹنگ اور گودام کیلئے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ پولیس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجروحین میں گودام کا مالک اور اس کے خاندان کے افراد شامل ہیں۔ پولس نے بتایا کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ دارالحکومت منیلا کے شمال مشرق میں ایک گنجان آباد مضافاتی علاقے کوئزون شہر کے ضلع ٹنڈانگ سورا میں صبح پونے پانچ بجے پیش آیا۔
کوئزون سٹی پولیس ڈسٹرکٹ سے موصول پولیس رپورٹ کے مطابق فائر الارم بجنے پر 37 فائر انجنوں کو جائے حادثہ بھیج دیا گیا اور آگ دو گھنٹے بعد بجھا دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں دکان پر کام کرنے والے، کوالٹی چیک کرنے والے، پرنٹنگ کا عملہ اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔ یہ لوگ اس عمارت میں رہتے تھے۔ تانڈانگ سورا میں فائر بریگیڈ کے سربراہ مارسیلو راگنڈیاز نے کہا کہ مالک کے بیٹے 25 سالہ ایرک جان کیولٹ کی بیوی اور ان کی 3 سالہ بیٹی کی موت ہوگئی۔ آگ عمارت کے وسط میں لگی، اور یہ تیزی سے پھیل گئی، جس سے بچنا مشکل ہوگیا۔ آگ لگنے کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہے۔