آگرہ:(اے یوایس) آگرہ۔ لکھنؤ ایکسپریس وے پر منگل کی علی الصبح ہوئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں پانچ لوگوں کی زندہ جل کر موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق، کھندولی علاقے میں لکھنو¿نمبر کی کار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد کار جلنے لگی۔ اس حادثے میں کار میں سوار سبھی 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ابھی ہلاک شدگان کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔
پولیس کے مطابق کار دلی جا رہی تھی۔ کار کا نمبر UP32 KW 6788 ہے۔ جائے حادثہ پر پہنچی پولیس کار کے نمبر سے ہلاک شدگان کی شناخت کرنے میں مصروف ہے۔ اب تک ملی اطلاعات کے مطابق کار لکھنﺅ کے کسی راج کمار نے نام رجسٹرڈ ہے۔
سبھی ہلاک شدگان اناو کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔سی او ارچنا سنگھ نے حادثے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ آج صبح ایک سوئفٹ ڈیزائر کار دہلی کی جانب جارہی تھی کہ مخالف سمت سے آرہے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے بعد کار کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد جائے حادثہ پر پہنچی پولیس نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ۔ اسی اثناءمیں فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ گئی لیکن جب تک آگ پر قابو پایا جاتا کار میں سوار سبھی 5 لو گ زندہ جل کر ہلاک ہو چکے تھے۔ کار لکھنؤ نمبر کی ہے۔ کار مالک سے رابطہ کر کے ہلاک شدگان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
ہلاک شدگان میں ایک بچہ ایک خاتون اور تین مرد ہیں۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس بھیانک سڑک حادثے پر گہرا دکھ ظاہر کیا ۔ انہوں نے ڈی ایم اور ایس ایس پی کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور متاثرہ کنبے کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی۔