نئی دہلی : دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت میں دہشت گردی کی بڑی سازش کو ناکام کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا۔
موصول رپورٹوں کے مطابق یہ پانچوں دہشت گردقومی دارالخلافہ کے شکر پور کے علاقے میں دہلی کی پولیس کے خصوصی سیل کے افسران کے ساتھ مسلح تصادم کے دوران اسلحہ سمیت گرفتار کیے گئے۔بتایا جارہا ہے کہ تمام دہشت گرد اسلامک اورخالصتانی تنظیموں سے وابستہ ہیں ، پکڑے گئے دو دہشت گرد کا تعلق پنجاب سے ہے جبکہ دیگر3 جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں۔
پولیس دہشت گردوں سے سختی سے تفتیش کر رہی ہے۔گرفتار دہشت گردوں کے بارے میں پولیس پریس کانفرنس کرے گی۔ان کے قبضہ سے اسلحہ اور مجرمانہ مواد برآمد ہوا ہے۔یہ واقعہ دہلی کے ہی خان مارکٹ سے دہلی پولس کے ہاتھوں دو جیش دہشت گردوں کی گرفتاری کے20روز بعد ہوا ہے۔ان دونوں دہشت گردوں کی شناخت محمد اشرف کھٹنا اور عبد اللطیف میر کے طور پر کی گئی تھی۔
پولس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دہشت گرد شوریہ چکر سے سرفراز کیے گئے بلوندر سنگھ بھیکھیونڈ کے، جنہیں اکتوبر میں پنجاب کے ترن تارن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر دو موٹر سائیکل سواربندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، قتل میں ملوث ہیں۔