بنوں:(اے یو ایس ) بنوں میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔محکمہ انسدادِ دہشت گردی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ان دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور ضلع پولس کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی اور اسے ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھیجا گیا ۔وہاں پہنچتے ہی مشترکہ ٹیم کا دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ کچھ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے قبضے سے 3 اے کے 47بندوقیں، 12 میگزین، گولہ بارود اور موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ، ان پر حملے سمیت دیگر کیسز میں مطلوب تھے۔پولیس کی جانب سے فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔قبل ازیں 2 نومبر 2021 کو سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ ٹیمیں علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کر کے واپس ا?تے ہوئے جب ہنگو کے علاقے جہازو بندہ پہنچیں تو ان پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔
