اسلام آباد: ایران میں کوروناوائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے کے خدشات کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی سطح پر بتایا گیا ہے کہ پڑوسی ملک ایران میںکورونا وائر کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب سے ایران جانے آنے والی تمام پروازیں معطل کر دی جائیں گی۔دونوں ملکوں کے درمیان سڑک و ریل نقل و حمل پہلے ہی سے اس ہفتہ کے اوائل سے معطل ہے۔ ہوا بازی کے سکریٹری عبد الستار کھوکھر کے جوائنٹ سکریٹری سے موصول ایک پیغام کے مطابق محکمہ ہوا بازی نے جمعرات و جمعہ کی شب12بجے سے پاکستان اور ایران کے درمیان راست پروازیں بندکردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ایران کے لیے پروازیں بند کرنے کا فیصلہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسوں کے منظر عام پر آنے کے ایک روز بعد کیا ہے۔ دونوں اشخاص جو کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے وہ حال ہی میں ایران سے، جہاں پہلے ہی سے متعدد افراد اس وائرس کے شکار ہیں اور وہاں یہ مرض تیزی سے اپنے پیر پھیلاتا جا رہا ہے، واپس آئے ہیں۔ دریں اثنا محکمہ ہوابازی میں 24گھنٹے کام کرنے والا کورونا وائرس کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ ان مسافروں کے لیے جن کے پاس اقامہ ہے یا وہ سعودی عرب کے مستقل شہری ہیں سعودی عرب آنے جانے والی پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔ حکومت نے یہ فیصلہ ان ملکوں کے لوگوں کے جہاں کورنا وائرس مرض کا پتہ لگا ہے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی پابندی لگانے کے سعودی حکومت کے فیصلے کے بعد کیا ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنز (پی آئی اے) نے ٹوئیٹ کر کے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازیں تو حسب معمو ل رہیں گی البتہ عمرہ اور ٹورسٹ ویزا والے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔کیونکہ پی آئی اے سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر پوری طرح عمل آوری کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *