اسلام آباد: ملک میں داخلے کے لیے پاکستان سمیت درجن بھر ممالک کے شہریوں کو ویزاجاری کرنا عارضی طور پر معطل کرنے کے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے فیصلے کے کم و بیش دو ہفتے بعد وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی آج (جمعرات) یو اے ای روانہ ہو رہے ہیں۔
خارجہ دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 17اور18دسمبر کو یو اے ای کے دورے پر رہیں گے۔بیان کے مطابق وزیر خارجہ علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی مفادات کے تمام معاملات پر یو اے ای قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔
وہ دو طرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور پاکستانی تارکین وطن کی بہبود کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے بھی رابطہ کریں گے۔
یو اے ای دوسرا ملک ے جہاں پاکستانیوںکی کثیر آبادی ہے۔گذشتہ ماہ یو اے ای نے پاکستان سمیت 12ممالک کے شہریوں کو وزٹ ویزا کا اجراءتاطلاع ثانی عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔
سرکاری طور پر پاکستان نے یہ خیال کیا تھا کہ یو اے ای نے کوویڈ 19-کی دوسری لہر کے پیش نظر حفظ ما تقدم کے طور پر یہ فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران یو اے ای حکام سے ویزا معطلی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔