اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے سابق مشیر خاص برائے امور پاکستانی تارکین وطن زلفی بخاری اور خارجہ دفتر نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ زلفی نے ایک اہم شخصیت کو ایک پیغام پہنچانے کے لیے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا تھا۔
بخاری نے میڈیا کی رپورٹ کو خارج کرتے ہوئے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ میں اسرائیل کبھی نہیں گیا۔ مزے کی بات تو ہے کہ پاکستانی اخبار اسرائیلی اخبار میں شائع خبر کی بنیاد پر دعویٰ کر رہا ہے کہ میں اسرائیل گیا تھا اور اسرائیل کا اخبار پاکستانی ذریعہ کی بنیاد پر کہہ رہا ہے کہ میں اسرائیل گیا تھا۔مجھے حیرت ہے کہ یہ خیالی پاکستانی ذریعہ کون ہے۔دریں اثنا خارجہ دفتر نے بھی بخاری کے دورہ اسرائیل کی تردید کر دی۔
خارجہ ترجم،ان زاہد حفیظ چودھری نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ساری باتیں غلط، گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔ایسا کوئی اسرائیلی دورہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ خود بخاری بھی بیان جاری کر کے اس دورے کی خبر کی تردید کر چکے ہیں ۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ خارجہ دفتر گذشتہ سال دسمبر میں بھی اسی قسم کی جھوٹی رپورٹوں کی تردید کر چکا ہے۔
