قاہرہ: (اے یو ایس) عرب لیگ کے سابق سکریٹری جنرل عمرو موسیٰ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ عمرو موسیٰ کو ہفتے کے روز اسپتال میں داخل کرایا تھا۔ طبی معائنے کے بعد ان کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
عمرو موسیٰ کے انفارمیشن آفس نے پہلے اعلان کیا تھا کہ موسیٰ کے کرونا کا شکار ہونے کی تشخیص ہوئی ہے۔ وہ متعدد ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور قرنطینہ میں موجود ہیں۔دفتر سے جاری ایک بیان میں موسیٰ نے اپنے تمام دوستوں اور ہر خیریت دریافت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے چاہنے والوں اپنی صحت یابی کے لیے دعاﺅں کی درخواست کی ہے۔
اخبار مصر الیوم نے ہفتے کے روز عمر موسیٰ کے میڈیا کے ایڈوائرز احمد کامل کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تاکہ وہ مکمل طبی نگرانی میں رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی صحت اب مستحکم ہے۔خیال رہے کہ عمرو موسیٰ 1991 سے 2001 کے درمیان مصر میں وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد انہیں عرب لیگ کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ سنہ 2011 میں صدر حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد مصر میں پہلے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا۔