لندن:(اے یو ایس)پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ جو پچھلے کئی سالوں سے لندن میں جلاوطنی کی زندگی بسرکررہے ہیں اگلے مہینے وطن واپس لوٹیں گے اور یہ بھی افواہیں ہیں کہ انہیں وزیرخزانہ کا قلمدان سونپا جاسکتا ہے ۔وہ نواز شریف کی حکومت میں وزیرخزانہ کے عہدے پر تھے اور 2017میں لندن گئے کیونکہ ان کے خلاف بدعنوانی کے کئی مقدمات چل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان واپسی کی تیاری میں مصروف ہے اور وہ سنیٹر کا حلف لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ دنوں کے اندر وہ اپنا طبی معائنہ کرائیں گے اور اگرڈاکٹرنے انہیں اجازت دی تو وہ پاکستان واپس آجائیں گے۔2017میں احتساب عدالت نے ان پر فردجرم عائد کی تھی اور بعد میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے تھے۔ احتساب عدالت نے ا انہیں اشتہاری ملزم قرار دے کر ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی نیلامی کا حکم دیا تھا۔
مسلم لیگ کے کچھ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسحق ڈار نوازشریف پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ انہیں ملک کا وزیرخزانہ بنایا جائے وہ نواز شریف کے سمدھی بھی ہیں لیکن مسلم لیگ کے کچھ رہنما ان کی واپسی پر خوش نہیں ہیں اور وہ یہ نہیں چاہتے ہیں کہ انہیں وزارت خزانہ کا عہدہ واپس دیاجائے ۔ 2019میں انٹرپول نے ان کے خلاف نوٹس جاری کیاتھا۔
جب ان سے کہاگیا کہ انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان دیاجائے گا توانہوں نے کہا یہ پارٹی اور قیادت کا فیصلہ ہوگا کہ کس شخص کو کیا ذمہ داری دی جائے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان واپس آنے پر گرفتار بھی کیاجاسکتا ہے اور اس سے بچنے کے لیے انہیں عبوری ضمانت حاصل کرنی پڑے گی۔
