نئی دہلی:ہندوستانی آئین کے 70سال پورے ہونے کے موقع پر ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی چند ہستیوں نے اتوار کے روز ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے واضح سوال کیا ہے کہ کیا آئین صرف انتظامیہ چلانے کا دستور العمل ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے آئین کے کام کاج کا خود تجزیہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج جے چلمیشور ، ہندوستان کے سابق چیف الیکشن کمیشن ، ایس وائی قریشی او ر بالی ووڈ اداکارہ اور سینسر بورڈ کی سابق صدر شرمیلا ٹیگورسمیت 8لوگوں کی جانب سے ’ ہندوستانی آئین کے 70برس ۔ اہم لمحہ کے عنوان سے ایک مکتوب جاری کیا گیا ہے ۔ اس مکتوب میں ہندوستان کے جمہوریہ بننے کے70سال پورے ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خود تجزیہ کرنے کو بھی کہا گیا ہے ، ساتھ ہی سوال کیا گیا ہے کہ کیا بابا ئے قوم مہاتما گاندھی کے لئے سب سے اہم حقیقت اور عدم تشدد کا نظریہ آج بھی ہماری عوامی زندگی میں رہنمائی کر رہی ہے۔

مکتوب میں سبھی نے کہا ہے کہ آئین کے 70برس پورے ہونے پر ہمیں موقع ملا ہے کہ ہم اسکی کامیابی پر خوش ہو سکیں اور ساتھ ہی اپنی خامیوں کا خودتجزیہ کر سکیں۔ اس مکتوب میں سبھی نے سوال کیا ہے کہ کیا آئین صرف انتظامی قواعد کی ایک کتاب ہے جو منتخب حکومتوں کو اقتدار کا غلط استعمال کرنے کی درستگی کا دعویٰ کرنے کا حق دیتی ہے اور شہریوں کو دوسروں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے کاپورا پورا حق دیتی ہے ؟ سبھی شخصیات نے سوال کیا ہے کہ ’ کیا یہ بھی کسی سیاہی سے لکھی کچھ لائنیں ہیں یا ایک مقدس کتاب ہے جو ذات برداری ،مذہب ، اور زبان کے بندھنوں سے اوپر اٹھ کر شہید ہوئے لوگوں کے خون سے لکھی گئی ہے؟ ۔

مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ ہر ایک نسل کا فرض ہے کہ وہ مسلسل آئین کے کام کاج کا مشاہد ہ کریں ، اس پر مشورہ کریں اور اس پر دھیان دیں۔ مکتوب میںلوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس موقع پر ہمیں اپنی کامیابی پر خوش ہونا چاہئے ، موجودہ خدشات کو دور کرنا چاہئے، تکثیری، سیکولر سماج کے مفاد میں کام کرنا چاہئے، اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈیکر اور ہمارے آباءواجداد کے ذریعہ پیش کئے گئے کردارمیں رکھے ، خوابوں ،خیالات کے آئینی اہداف کو پانے کی کوشش کرنا چاہئے۔

ہندوستانی آئین کے 70سال مکمل ہونے پر جاری اس مکتوب پر فوج کے سابق لفٹینٹ جنرل ایچ ایس پنانگ، مشہور فلم ساز ادور گوپال کرشنن ، کرناٹک موسیقی کی نامور شخصیت ٹی ایم کرشنا، یو جی سی اور آئی سی ایس ایس آر کے سابق صدر سکھدیو تھوراٹ اور تب کی پلاننگ کمیشن کی سابق ممبر سیدہ حمید نے بھی اس مکتوب پر دستخط کئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *