Four Baloch students go missing from Karachi in last three daysتصویر سوشل میڈیا

کوئٹہ :(اے یو ایس ) گذشتہ تین روز کے دوران پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مکران ڈویژن سے تعلق رکھنے والے کراچی یونیورسٹی کے4 طالب علم مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے ۔ دو مختلف واقعات میں لاپتہ ہونے والے طلبا کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔گمشدہ ہونے والے دو طلبہ گمشاد بلوچ اور دودا بلوچ کے اہلِ خانہ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کی اپیل کی ہے۔

گمشاد بلوچ جامعہ کراچی میں شعبہ فلاسفی کے طالبِ علم ہیں۔گمشاد کی چچا زاد بہن شیرین گوہرام بلوچ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سات جون کی صبح پانچ بجے سیکیورٹی فورسز نے کراچی میں گمشاد کے گھر سے انہیں اس وقت اٹھا لیا جب وہ اپنے دوست دودا بلوچ کے ہمراہ امتحانات کی تیاری میں مصروف تھے۔انہوں نے بتایا کہ گمشاد کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند سے ہے اور وہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے کراچی میں مقیم تھے۔

شیرین کا کہنا تھا کہ گمشاد بلوچ اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں اور ان کی گمشدگی کا سن کر ان کی والدہ مسلسل رو رہی ہیں اور غم سے نڈھال ہیں۔شیرین نے بتایا کہ کراچی میں گمشاد بلوچ کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا گیا مگر تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے بتایا کہ گمشاد نے اس سے قبل خاندان کے کسی فرد کے ساتھ کسی خدشے کو اظہار نہیں کیا کہ انہیں کسی کی جانب سے تنگ کیا جا رہا ہے وہ ہر وقت اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رہتے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *