کابل: امارت اسلامیہ کے سلامتی دستوں نے داعش کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر کارروائی کی۔قندھار شہر میں مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن دو شنبہ کی صبح قندھار شہر کے کئی علاقوں میں شروع ہوا اور آدھی رات تک جاری رہا جس میں داعش کے 4اراکین ہلاک ہوئے جبکہ آٹھ ارکان گرفتار کیے گئے۔
قندھار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے مطابق امارت اسلامیہ کی فورسز نے آپریشن میں داعش کے چار ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے۔قندھار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ڈپٹی ڈائریکٹر شمس الدین صمیم نے کہا کہ امارت اسلامیہ کی سیکورٹی اور انٹیلی جنس فورسز نے گزشتہ رات داعش کے ایک ٹھکانے پر کامیابی سے کارروائی کی۔ اس کے نتیجے میں داعش کے آٹھ ارکان کو گرفتار کیا گیا جبکہ چار داعشی جنگجو اور دو شہری ہلاک ہوئے۔
ایک مقامی رہائشی ثنا اللہ نے جو سلامتی دستوں اور داعش کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زندہ بچ گیا کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں شہریوں میں ایک میرا والد اور دوسرا میرا چھوٹا بھائی ہے۔اس گھر میں داعش کے لوگ مقیم تھے اور وہیں دھماکہ ہوا، اور وہ دونوں شہید ہو گئے۔
لیکن وزارت داخلہ کے ترجمان سعید خوستی نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ اس کارروائی میں داعش کے تین ارکان اور دو شہری مارے گئے ہیں۔مسٹر خوستی نے ٹویٹر پر لکھا قندھار کے چوتھے ضلع میں داعش کا ایک ٹھکانا تباہ ہو گیا اور داعش کے تین ارکان مارے گئے۔ آپریشن میں دو شہری مارے گئے، اور مجاہدین کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قندھار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کا کہنا ہے کہ گھنٹوں تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران داعش کے چار جنگجو مارے گئے اور آٹھ دیگر کو حراست میں لیا گیا۔
