ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب میں فرانسیسی سفیر لڈووک پولے نے عسیر کے علاقے میں ایک اسکول پر یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون طیارہ گرانے کے واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
فرانسیسی سفیر نے ٹویٹ میں کہا کہ عسیر میں ایک اسکول پر حوثیوں کے ذریعہ ایک ڈرون گرانے کی خبر سے دکھ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے میں اس خوفناک، بزدلانہ اور وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ سائنس، علم اور تعلیم کے لیے مختص جگہ یعنی تعلیمی ادارے پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔
خیال رہے کہ عسیر میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کےترجمان کیپٹن عبد العزیز الجلبان نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ سول ڈیفنس کو ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے عسیر میں گولہ باری کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔سعودی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں پر ایک بمبار ڈرون گرا پایا۔ اس ڈرون سے ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔