پیرس:(اے یو ایس) فرانس میں پارلیمنٹ نے کرونا کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کے تازہ ترین اقدامات کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ ان اقدامات میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو عوامی مقامات پر جانے کی اجازت نہ دینا شامل ہے۔ اس پابندی نے ویکسین لگوانے کے مخالفین کو چراغ پا کر دیا ہے۔
اتوار کے روز پارلیمنٹ میں ہونے والی رائے شماری میں قانون کے حق میں 215 اور مخالفت میں 58 ووٹ آئے۔ اس طرح آئندہ دنوں میں قانون کے نافذ العمل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔اپوزیشن کے مطابق مذکورہ قانون کی بعض شقیں نہایت سخت ہیں۔ قانون کے تحت لوگوں کو عوامی مقامات میں داخل ہونے کے لیے ویکسین سرٹفکیٹ کا حصول لازم ہو گا۔ ان جگہوں میں ریستوران ، قہوہ خانے ، سینما ہاؤس اور طویل مسافت کی ٹرینیں شامل ہیں۔
فرانس کی وزارت صحت نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ ملک میں 78 فی صد کے قریب آبادی کو مکمل ویکسین دی جا چکی ہے۔ہفتے کے روز ویکسین مخالف ہزاروں افراد نے پیرس اور بعض دیگر شہروں میں نئے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔یاد رہے کہ فرانس اس وقت کوویڈ-19 کی پانچویں لہر کی لپیٹ میں ہے۔ کرونا سے متاثرہ نئے کیسوں کی یومیہ تعداد 3 لاکھ سے زیادہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔
