ابوظہبی: (اے یو ایس ) متحدہ عرب امارارت کے دارالحکومت ابو ظہبی میں گیس سیلنڈر دھماکہ ہوا جس میں، پولیس کے مطابق، دو ہلاک اور 120 افراد زخمی ہوگئے ۔یہ دھماکہ ابو ظہبی کے خالدیہ علاقے کے ایک ریستوران میں ایک بجے دوپہر ہوا، جو ساحل سمندر کے علاقے کارنش سے چند ہی بلاک دورواقع ہے۔ابتدائی طور پر ابو ظہبی پولیس نے ہلاک و زخمیوں سے متعلق غیر واضح اطلاعات فراہم کیں، اورسڑک پر پڑے شیشے کے ٹکڑے اور ملبے کی تصاویر جاری کیں۔
چھ گھنٹے بعد ایک ٹوئٹ کے ذریعے ابو ظہبی کی پولیس نے بتایا کہ 64 افراد کو معمولی زخم آئے، 56 کے قدرے زیادہ زخم آئے ہیں، جب کہ دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بقول پولیس زخمیوں کو ضروری دیکھ بھال کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ چھ عمارتوں کی دکانوں یا عقبی حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دھماکے کی تفتیش کا عمل جاری ہے۔ابتدائی طور پر ابو ظہبی کے سرکاری تحویل اورملکیت میں کام کرنے والے ذرائع ابلاغ نے بھی دھماکے کو زیادہ اہمیت نہیں دی، بس اتنا بتایا کہ اس سے علاقے کی قریبی دکانوں اور عمارتوں کے عقبی حصے کو نقصان پہنچا۔
ابو ظہبی پولیس نے عام لوگوں کو دھماکے کی فوٹیج ملک میں شیئر کرنے سے منع کیا، ملک میں اظہار رائے کے سلسلے میں سخت قوانین لاگو ہیں۔حکام نے پہلے ہی ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دے رکھی ہے جنھوں نے دارالحکومت پر یمنی حوثی باغیوں کے حملوں کی تصاویرجاری کیں تھیں۔ابوظہبی کے انگریزی زبان کے روزنامہ، دی نیشنل نے پیر کو ایک بجے دوپہر دھماکے کے بارے میں بس اتنا بتایا تھا کہ ایک نامعلوم ریستوران میں دھماکہ ہوا ہے، جو شائننگ ٹاورز کے مشہور مقامی علاقے کے قریب واقع ہے۔فروری میں حکام نے اسی طرح کے ایک گیس سیلنڈر دھماکے کے بارے میں خبر جاری کی تھی، جب حوثی حملوں کے بارے میں لوگوں میں خاصی تشویش پائی جاتی تھی۔