تہران: ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایرانی پاسداران اسلامی انقلاب قدس فورس کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل قاسم سلیمانی کو داعش دہشت گردوں کے خلاف ایک نہایت مؤثر طاقت سے تعبیر کیا۔
ظریف نے بدھ کے روز نئی دہلی میں عالمی سفارت کاری پر منعقد رائے سینا ڈائیلاگ 2020سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی داعش کے خلاف اکیلے ہی مہایت مؤثر قوت تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ لوگوں کو میری بات کا یقین نہیں ہے تو آپ خود دیکھیں کہ جنرل سلیمانی کی موت کا جشن کون منا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے 430شہروں میں جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر سوگ منایا گیا لیکن صرف صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پوم پیو اور داعش ہی جشن منا رہے ہیں۔
واضح ہو کہ حال ہی میں بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ان کے ایک قافلہ کو جس میں حشد شعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی مھندس بھی شامل تھے ، امریکی ڈرون طیارے نے ہدف بنا کر میزائل داغا۔
ان کی ہلاکت کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں واقع دو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر میزائلوں کی بارش کر دی تھی۔