برلن: جرمنی کی سب سے بڑی مسجد میں نماز جمعہ کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت دے دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے چوتھے بڑے شہر کولون میں واقع ملک کی سب سے بڑی مسجد میں کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ، جس میں انتظامیہ نے اس حوالے سے پابندیوں میں نرمی کی ہے،نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے معاہدے کے تحت کولون شہر کی تمام 35 مساجد میں نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان دو سال کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جمعہ کے روز دوپہر بارہ سے تین بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دی جاسکے گی۔کولون کے مئیر ہنری ریکر نے کہا کہ میونسپل کونسل نے یہ فیصلہ مسلم برادری کی جانب سے درخواستوں کی بنیاد پر کیا ہے۔ اور کئی ضابطوں کی حدود میں رہ کر لاؤڈ اسپیکر سے اذان دی جا سکتی ہے۔
ضابطوں کے مطابق اذان کا دورانیہ دس منٹ کا ہوگا اور یہ کہ لاؤڈ اسپیکر سے دی جانے والی اذان بہت تیز آواز میں نہیں ہو گی۔انادولو نیوز ایجنسی نے ہنری کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمارے مسلمان شہری شہر کے اٹوٹ حصہ ہیں۔شہر میں چرچ کی گھنٹیوں کے بعد اذان کی آواز اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ کولون میں تنوع کو سراہا جاتا ہے اور یہاں تنوع ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جرمنی میں 900سے زائد مساجد ہیں ۔
