ڈاکٹر رضی امروہوی، علی گڑھ

بخشی ہیں جس نے نعمتیں اس کی ثنا کرو
ربِ علا کا شکر اے لوگو ادا کرو

دن رات فیس بک سے نہ چپکے رہا کرو
اپنے بڑوں کے پاس بھی بیٹھا ذرا کرو

جائز نہیں کمائی تو ہوگا نہ کچھ قبول
کتنی بھی نعت خوانی کی محفل بپا کرو

یوں آنکھ بند کرکے حدیثوں کو مت پڑھو
پہلے روایتوں کی صداقت پتا کرو

بے شک نماز فرض ہے اے صاحبانِ ریش
ہمسائے کی خبر بھی کبھی لے لیا کرو

کاسہ نہ دے دے ہاتھ میں دولت کا یہ غرور
مدہوش کیوں ہو ہوش کی کچھ تو دوا کرو

حج کرکے ذمے داریاں بڑھ جاتی ہیں میاں
اب اچھے کام اور زیادہ کیا کرو

تعویذاورگنڈوں سے ہوگا نہ کوئی فیض
قرآن کو بچشمِ بصیرت پڑھا کرو

لگ جائے گی تمام پریشانیوں پہ روک
اک بار سچے دل سے اگر تم دعا کرو

سنت کی پیروی بھی ہے لازم مگر رضی
پہلے خدارا اپنے فرائض ادا کرو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *