نئی دہلی(پریس ریلیز): وزارت برائے الیکٹرانک اینڈانفارمیشن ٹکنالوجی،حکومت ہند کے ایس ٹی کیو سی ڈائرکٹوریٹ Standardisation Testing and Quality Certification Directorate نے قومی اردو کونسل کی نئی ویب سائٹ کو STQC-CQW سرٹیفیکٹ سے نوازا ہے، جس کا افتتاح اکتوبر 2019 میںمرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل ، حکومت ہند کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا۔قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد نے بتایا کہ نئی ویب سائٹ کئی نئے فیچرز سے لیس ہے۔ یہ ایک سہ لسانی(اردو، ہندی اور انگریزی) ویب پورٹل ہے، جو کہ حکومت ہند کی ویب سائٹ کے لیے بنائی گئی ہدایتوں اورW3C کے ذریعے طے شدہ پیمانوں کے مطابق تیار کی گئی ہے۔کسی بھی ادارے کی ویب سائٹ کو STQC-CQW سرٹیفیکٹ ملنا ایک اہم بات ہے،جب کہ قومی اردو کونسل کی ویب سائٹ کو یہ سرٹیفیکٹ معیار کے اعلیٰ درجے (Quality Level-1)میں ملا ہے جو تمام اہل اردو کے لیے باعث فخر ہے۔

اس ویب سائٹ پر قومی اردو کونسل کی تمام تر سرگرمیاں(میٹنگ، مستقبل کے پروگرام،ویڈیوز، تصاویر) موجود ہیں ۔اس کے علاوہ کونسل سے شائع ہونے والے رسائل ( ابتدا تا حال) کی سافٹ کاپیاں ، کونسل کی بیشتر کتابوں اور مرکزی حکومت کے اہم ایکٹ کے اردو تراجم پی ڈی ایف فارمیٹ میں موجود ہیں جنھیں قارئین آن لائن بآسانی پڑھ سکتے ہیں اورڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔اتنا ہی نہیں اس ویب پورٹل کی مدد سے کونسل کی 200 سے زائد کتابوں اور تقریباً 400 مضامین کا مطالعہ یونی کوڈ فارمیٹ میںکیا جاسکتا ہے۔

قومی اردو کونسل کے وائس چیر مین پروفیسر شاہد اختر نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ، ریاستی و دیگر سرکاری اداروں سے شائع ہونے والی اردو سے متعلق مختلف اسامیوں اورروزگار کے مواقع کی تفصیلات (فارم بھرنے کی آخری تاریخ کے ساتھ) بھی اس ویب پورٹل پر موجود ہوتی ہیں، جو کہ اردو کی کل ہند سرکاری ملازمتوں کی تلاش کا واحد ذریعہ ہے۔یہی نہیں اس ویب پورٹل پر اردو اور اقلیت سے متعلق اہم ویب سائٹ لنک بھی موجود ہیں جن سے عوام و خواص فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ورڈ آف دی ڈے (Word of the Day) کے تحت روزانہ اردو کا ایک لفظ (ہندی اور رومن میں تلفظ کے ساتھ) اس کے اردو متبادل اور ہندی اور انگریزی معنی کے ساتھ دیا جاتا ہے، ساتھ ہی اس لفظ سے متعلق ایک شعر اردو اور رومن میں موجود ہوتا ہے۔

قارئین اس ویب پورٹل کی مدد سے این سی پی یو ایل کے فیس بک پیج وبلاگ تک آسانی کے ساتھ رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔اس موقع پر قومی اردو کونسل کے وائس چیرمین پروفیسر شاہد اختر اور کونسل کے ڈائرکٹرڈاکٹر عقیل احمد نے کونسل کی نئی ویب سائٹ کوSTQC-CQW سرٹیفیکیٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم بالخصوص اسسٹنٹ ایجوکیشنل آفیسر (ویب اور لنگویج ٹکنالوجی) اجمل سعید کو مبارک باد دی جن کی نگرانی میںیہ ویب سائٹ تیار کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *