اسلام آباد(اے یو ایس ) پاکستان کے حکمراں اتحاد نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلہ کو پارٹی کے خلاف فرد جرم سے تعبیر کیا۔حکمراں اتحاد کے کچھ اراکین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ پارٹی تشکیل دینے کے پس پشت پاکستان دشمن طاقتوں کا ذہن کارفرما تھا اور انہوں نے پارٹی سربراہ عمران خان کو دروغ گو، بدعنوان اور غیر ملکی ایجنٹ سے لے کرپیسوں کا غیر قانونی دھندہ کرنے والا تک قرار دے دیا۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے نے عمران خان کو ” مستند ددروغ گو“ قرار دے دیا کہ سابق وزیر اعظم نے جھوٹا حلف نامہ داخل کیا تھا۔پی پی پی چیرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے کہا کہ فیصلے نے ثابت کر دیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ایک بدعنوان شخص ہیں اور ان کی سیاسی پارٹی شوکت خانم کینسر اسپتال کے نام سے چل رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم اور پاکستان ملسم لیگ نواز کے رہبر معظم میاں محمد نواز شریف نے وفاقی حکومت تلقین کی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کے خلاف فوری طور پر قانونی کاررروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا معاملہ تو دوسروں کو نصیحت خود میاںفضیحت جیسا ہے۔ دوسروں کو ایمانداری و دیانتداری کا درس دیتے ہیں اور خود بے ایمانی اور بدیانتی کر نے میں لگے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج الیکشن کمیشن کے فیصلے نے بتا دیا کہ حقیقت میں تاریخ کا سب سے بڑا چور کون ہے۔