کویت سٹی:(اے یو ایس)کورونا ویکسین کی 1.5 لاکھ خوراکیں گذشتہ روزکویت پہنچ گئی ہیں۔کویت کے وزیر صحت شیخ باسل الصباح نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کوویڈ-19 کی ویسکین کی پہلی کھیپ بدھ کو علی الصباح پہنچ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے کے آخر تک ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔
اخباری بیان میں کویتی وزیر کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کے عمل کو چار مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے طبی نگہداشت پیش کرنے والے تمام افراد اور 65 برس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین دی جائے گی۔ بقیہ مراحل میں معاشرے کے تمام دیگر طبقات کو شامل کیا جائے گا۔
وزیر صحت کے مطابق متعلقہ ویب سائٹ کے ذریعے کورونا کی ویکسین کے لیے پیشگی اندراج کرانے والوں کی تعداد اب تک 73700 افراد تک پہنچ چکی ہے۔ اندراج کے عمل میں لوگوں کی بھرپور دل چسی دیکھی جا رہی ہے۔
ادھر دبئی میں کویوڈ-19 ٹیکہ کاری کی وسیع اور مفت مہم کا آغاز ہو گیا۔ اس مقصد کے لیے فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔ ابوظبی کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی سیاحوں کا استقبال 24 دسمبر سے شروع ہو جائے گا۔
امارات کی وزارت صحت نے منگل کے روز فائزر کمپنی کی ویسکین کی ہنگامی رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا۔ یہ متحدہ عرب امارات میں مندرج اور منظور کی جانے والی دوسری ویکسین ہے۔واضح رہے کہ جائزے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ مذکورہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی(ایف ڈی اے) کے مطابق ویکسین نے جانچ اور کارگر ہونے کے مراحل کامیابی سے طے کر لیے۔