ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم اور ممتاز علماکونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے مکہ مکرمہ میں 13 سے 14 اگست تک ہونے والی آئندہ اسلامی کانفرنس کی مملکت کی قیادت کی جانب سے منظوری دیے جانے کو سراہا ہے۔ عالمی پیمانے پر مذہبی امور کے شعبہ جات کے ساتھ رابطہ، افتا اور حکمراں شیخ کی عملداری کے عنوان سے اور سعودی وزارت برائے اسلامی اموردعوت و رہنمائی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں مفتیان کرام اور اسلامی انجمنوں کے سربراہان سمیت 150 علما شرکت کریں گے۔
مفتی اعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے اس کانفرنس کے انعقاد کی منظوری دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے فکرمند ہے اور اسلام کے پرامن پیغام کو عام کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔یہ کانفرنس رواداری، اعتدال، پر امن بقائے باہم اور نفرت و تشدد کو مسترد کرنے کے پیغام کو عام کرنے میں مملکت کی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
مفتی اعظم نے قرآن اور سنت کے مطابق اسلام کے پیغام کو واضح کرنے میں علماکے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور موضوعات مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے، انتہا پسندی کو مسترد کرنے اور علمااور مفتیوں کے درمیان نظریات اور تجربات کے تبادلے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے سعودی وزارت برائے اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی طرف سے مختلف ممالک میں مذہبی امور کے محکموں کے درمیان رابطے مضبوط کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔