Greed for powerتصویر سوشل میڈیا

قادر خان یوسف زئی

مرکزیت کی کمزوری اور اربابِ اقتدار کی خرابیوں کی تقلید سے قوموں میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اگر ان خرابیوں کی اصلاح کر دی جائے تو قوموں میں پیدا شدہ بگاڑ کا ازالہ خود بخود ہونا شروع ہوجاتا ہے کیوںکہ اگر اربابِِ اختیار کے قدم درست راستے پر ہوں تو قوم بھی ان کے نقش قدم پر ازخود چلنا شروع ہوجاتی ہے۔اکابرین کی تقلید کی خرابی کی ایک شکل ارباب ِاختیارکے اختیار کی حد کا تعین نہ ہونا ہے جس کے نتیجے میں عوام بھی ردعمل میں لاقانونیت پر اُتر آتے ہیں اور اس باہمی نفاق اور ابہام کے باعث مملکتوں کا نظم و نسق تباہ ہو جاتا ہے۔ ہمارے سامنے مغربی جمہوریت کی مختلف اشکال ہیں۔ جمہوریت کی مختلف شاخیں اپنی توجیہات اور دلائل کے ساتھ ارتقائی منازل سے گزر رہی ہیں جس میں حتمی اختیارات کو جانچنے کے تمام پیمانوں پر کسی بھی فریق کے منطقی اختیار کو تسلیم کرنے کا عمل بہت کم پایا جاتا ہے۔

ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ حتمی اختیار کے تعین کے بغیر نظام مملکت کے کسی بھی ادارے کو چلانا ممکن نہیں۔ بعض ممالک میں بادشاہوں، مذہبی پیشواﺅں نے باہمی سمجھوتے کے تحت ایک ایسا نظام واضع کیا جسے انسان کی عملی زندگی میں دائر اقتدار بانٹنے سے تشبیہ دی جاسکتی ہے کہ مذہبی دائرے میں تھیوکریٹ، دنیاوی معالات میں بادشاہت۔ انداز و اسالیب حکومت کے انداز چاہے کسی بھی شکل میں تبدیل ہوں لیکن اس کےلئے ایک نظریہ شروع سے آخر موجود رہتا ہے اور وہ نظریہ ”انسان کی انسانوں پر حکومت کا“۔ اس نظریئے کو سیکولر انداز حکومت سے متصادم بھی قرار دیا جاتا ہے کہ انسان کی ذاتی زندگی کے مذہبی اور دنیاوی معاملات کو مذہب اور معاملات میں اُس کی منشا کے مطابق گزارنے کے بجائے انسان سے انسانی احکامات کو منوانے کےلئے ہر جائز و ناجائز عمل کا سہارا لیا جائے۔”انسان کی انسان“ پر حکومت کے تابع اِن حکمرانوں کے ہاتھوں ہی ”انسانیت“ جس بربریت کا شکار ہوئی اس کے تصور سے ہی انسانیت کی روح کانپ اٹھتی ہے۔

”انسانوں پر انسان“ کی حکومت کے خلاف کچھ مفکرین نے”نظریہ میثاق“ کے نام سے ایک ایسا معاہدے کا تصور دنیا کے سامنے رکھا کہ چونکہ ہر انسان اپنی مذہبی و شخصی آزادی کو بلا شرکت غیرے برقرار رکھنا چاہتا ہے لیکن تمدنی زندگی میں یہ مشکل امر ہے لہٰذا حکومت افراد کے نمائندگان پر مشتمل ہونی چاہئے اور اگر نمائندوں میں اختلاف پیدا ہو جائے تو فیصلہ اکثرےت پر چھوڑ دیا جائے۔ اس عمل کو ڈیموکریسی یا جمہوریت کہتے ہیں۔ شخصی حکومتوں کے ڈسے عوام نے اسے نعمت سمجھ کر ستائش کے قصائد کشید کئے اور اس کے نفاذ پر مسرت اور شادمانی کے جشن منا کر سمجھ لیا کہ انسانیت نے آزادی کے گم گشتہ کو پھر سے پا لیا گیا ہے۔ دنیا کی قریب قریب تمام اقوام نے اس نظام کا خیر مقدم کرتے ہوئے آگے بڑھ کر استقبال کیا اور کرہ ¿ ارض، جمہوریت جمہوریت کے نعرے سے گونج اٹھا لیکن اس نظام نے اپنی فریب انگیزی سے انسانوں پر انسانوں کی حکومت کے تصور سے زیادہ نقصان دیا اور عوام کو اقتدار اعلیٰ کا منبع سمجھنے کی تقلید میں اکثریت کے اُن تمام فیصلوں کو بھی درست قرار دیئے جانے لگا جو کہ زمینی حقائق و مفاد عامہ کے خلاف تھے۔ غلط یا صحیح کا معیار بھی شخصیت پرستی میں گم ہو گیا۔ اکثرےت کی سوچ شخصیت کی خوشنودی کے تابع ہوگئی۔

اقتدار اعلیٰ کا تصور کیا یہ ہے کہ کسی ایسی جماعت کے ہاتھ میں اختیارات کی باگ ڈور دے دی جائے جیسے عوام کی مجموعی اکثریت مسترد کر چکی ہوتی ہے؟ کیا اقتدار میں آنے والی جماعت کے مقابلے میں مخالفت میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی تعداد کئی گنا زیادہ نہیں ہوتی؟ ہم جمہوریت میں اکثرےت کے اصول کو پہلے ہی مرحلے میں اس لئے مسترد کر دےتے ہیں کیونکہ قوم سیاسی، مذہبی بنیادوں پر بنائی جانے والی پارٹیوں میں منقسم ہو جاتی ہے۔ بادشاہت ہو یا سیکولر طرز حکومت میں جمہوریت کی بازگشت خود فریبی اور فسوں گری کے سوا کچھ نہیں۔ تو پھر ایسا کیا کیا جائے کہ عوام کو اپنی فانی زندگی کے تفکرات سے نجات اور راحت کے کچھ لمحات میسر آسکیں۔ یقینی طور پر ہرنظام کا ماننے والا اپنے نظام کی تشریح میں دلائل دیتے ہوئے خود کو درست اور دوسروں کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اگر انسان بحیثیت انسان یہ سمجھنے کےلئے خود کو تیار کرلے کہ حق ِ حاکمیت اُسی کا ہے جس کے زمین و آسمان ہیں تو آئین مملکت بھی اُسی کا ہونا چاہئے اور اس آئین میں انسان کی حیثیت متعین کردہ حدود میں ہو تو پھر معاشرے میں کوئی بھی بگاڑ پیدا نہیں کرسکتا۔ حتمی اختیار کےلئے مطالب اور تشریح کےلئے خود ساختہ اختیارات سے بے اعتنائی کے بعد ہی ممکن ہے کہ ہم اجتہاد کے راستے پر چل کر درست اقدام اٹھائیں۔ فی الوقت جو بھی نظام حکومت ہمیں میسر ہے اس میں عوام کا پہلا کردار یہ ہونا چاہئے کہ وہ”اپنے“ جیسے اپنے” نمائندوں ”کو منتخب کرکے اکابر کی تقلیدی سحر کے منفی جمود کو توڑ کر ازخود حتمی اختیار منقسم کریں۔

ضرورت اس اَمرکی ہے کہ قوم سے سوالات پوچھنے کے بجائے ملت کے زوال کے صحیح اسباب سے سبق حاصل کرکے اُن عوامل سے بچا جائے جن کے نتیجے میں پاکستانی قوم انتشار کا شکار ہے۔ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا ہر بار غلطیوں کا اعتراف کرکے راہ راست سے دوبارہ انحراف تو نہیں کیا جائے گا۔ مملکت کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کی چھوٹی سی لغزش بھی اُس بڑے انحراف کا راستہ ہموار کردیتی ہے جو تاریخ میں تبدیلی کے اثرات کچھ اس طرح چھوڑ جاتی ہے کہ اہل فکر بھی اس کاتدراک کرنے سے قاصر رہ جاتے ہیں۔بادی ¿النظر میں اب بھی ایسا لگتا ہے کہ ماضی سے ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا بلکہ خواہش اقتدار کے سبب بعض ملکی سرخیلوں کے جوہر انسانیت قریب قریب مردہ ہوچکے ہیں۔ نہ ان کے سینہ میں قوم کی حیات کیلئے زندہ آرزوؤں کی کوئی مقدس قندیل روشن ہے اور نہ ہی ان کی نگاہوں میں قومی وقار کے بلند مقصد کی درخشندگی کی کوئی رمق باقی ہے۔ ہوس اقتدارکو ہزار لعنتوں کی ایک لعنت اور جذام کا مرض قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ جسدِ انسانیت میں اقتدار کی ہوس کے تباہ کن اثرات قوم کی جسم میں داخل کر دئیے گئے ہیں کہ قوم سے جھوٹے وعدے وعید کرنے والے سرخیلوں نے ثابت کردیا کہ میدانِ اقتدار ایسے سعی و عمل کا نام ہے۔قوم نے خود کو دھوکے میں مبتلا کر رکھا ہے کہ جنہوں نے انہیں بار بار فریب دیا شاید اس بار نہیں دیں گے۔نہ جانے کیوں ہماری ایسی حالت ہوگئی ہے کہ کسی کی خاص تراش خراش کو دیکھ کر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا یہ دکھاوا قابلِ ضمانت ہے۔
ای میل:qadirkhan.afghan@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *