دوحہ: (اے یو ایس ) قطرایئرویز نے بتایا ہے کہ خلیجی عرب فضائی کمپنیاں فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ کے انعقاد کے دوران میں قطر کے لیے روزانہ 180 سے زیادہ شٹل پروازیں چلائیں گی جس سے شائقین میچ سے قبل قریبی شہروں سے پرواز کرسکیں گے اور دن کے اختتام پرآبائی یا اقامتی شہروں کو واپس جاسکیں گے۔
قطرایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) اکبرالباکر نے جمعرات کو ایک نیوزکانفرنس میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایئرلائن فلائی دبئی، عمان ایئر، کویت ایئرویز اور سعودی عرب ایئرلائنز (السعودیہ) شٹل پروازیں چلائیں گی۔ان کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی اتحاد اور ایئرعربیہ بھی اس اسکیم میں شامل ہوسکتی ہیں۔شٹل پروازوں سے قطرپرلاجسٹک، رہائش اور پولیس پر انتظامی کاموں کا دباو¿ کم کرنے میں مدد ملے گی اور ہمسایہ خلیجی ریاستوں کو نومبر میں مشر ق وسطیٰ میں ہونے والے پہلے فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
قطرکو امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے میچوں کو دیکھنے کے لیے تقریباً 12 لاکھ غیرملکی شائقین آئیں گی۔یہ تعداد اس خلیجی ریاست کی قریباً نصف آبادی کے برابر ہے۔اکبرالباکر نے مزید بتایا کہ فلائی دبئی دبئی سے روزانہ 60 پروازیں چلائے گی۔ان میں اوسطاً 2500 شائقین سوار ہوں گے جبکہ عمان ایئرمسقط سے روزانہ 48 پروازیں چلائے گی۔ان میں 3400 شائقین سوار ہوں گے۔السعودیہ الریاض اور جدہ سے 5000 شائقین کو لے کر روزانہ 60 پروازیں چلائے گی۔ کویت ایئرویز ایک دن میں 20 پروازیں چلائے گی۔ان میں اوسطاً 1700 فٹبال شوقین سفر کریں گے۔
