چنئی: انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے گذشتہ دنوں افغانستان کی راجدھانی کابل کے شور بازار علاقہ میں واقع400سال قدیم گورو ہر رائے گوردوارے پر دہشت گردانہ حملہ کی شدت سے مذمت کی۔ پارٹی کے قومی صدر اورسابق ممبر پارلیمنٹ پروفیسر کے ایم قادر محی الدین نے کہا کہ یہ نہایت تکلیف دہ واقعہ ہے اور اس سانحہ کے بارے میں جس نے بھی سنا اسے قلبی رنج و تکلیف پہنچی۔
محی الدین نے کہا کہ وہ انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے امن پسند سکھوں کے خلاف انسان دشمن عناصر کے ذریعہ افغانستان میں اس غیر انسانی اور بے رحمانہ کارروائی کی شدت سے مذمت کرتے ہیں ۔افغانستان میں جو کہ 3کروڑ 75لاکھ نفوس کی آبادی پر مشتمل ہے،سکھ نہایت ہی قلیل تعداد میں ہیں۔ واضح ہو کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے پوری دنیا کے انسانوں کو محفوظ رکھنے کی دعاکرنے کے لیے سکھوں کی ایک کثیر تعداد اپنے اہل و عیال کے ساتھ جن میں کمسن اور معصوم بچے بھی تھے،گرو ہر رائے گوردوارے میں جمع ہوئے تھے کہ دولت ماسلامیہ فی العراق و الشام (آئی ایس آئی ایس) المعروف داعش کے بندوق برداروں نے گوردوارے کے احاطے میں داخل ہو کر ان بے قصوروں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
جس میں27سکھ بھائیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔علاوہ ازیں8تا10افراد زخمی بھی ہوئے۔آج جب پوری دنیا کورونا وائرس کے خوف و ہراس میں مبتلا ہے اور نفسا نفسی کا عالم ہے اور ہر شخص اس فکر میں غلطاں ہے کہ اہ اپنی جان کیسے بچائے، اپنے مفادات کا کیسے تحفظ کرے اور اس موذی مرض کے حملے سے خود کو کیسے محفوظ رکھے ان انسانیت دشمن عناصرکے اس گھناؤنے فعل سے پوری دنیا کانپ اٹھی اور انسانیت شرمسار ہو گئی ۔
آئی ایس آئی ایس کے اس وحشیانہ عمل سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا جو لوگ خونریزی کی نیت سے گوردوارے میں داخل ہوئے وہ انسان کہلائے جانے کے قابل ہیں؟کیا ان میں انسانیت نام کی کوئی شے ہے؟محی الدین نے مزید کہا کہ وہ انسان ہو ہی نہیں سکتے۔وہ دراصل انسانوں کے بھیس میں شیطان اور درندے ہیں۔انہوں نے اسلام اور مسلمانوں کے نام پر یہ انتہائی ہولناک غیر انسانی دہشت گردی کی ہے۔
ہم پوری دنیا کے مسلمان ان گمراہ کن اور بھٹکے ہوئے لوگوں کی ، جو مسلمان ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں ، بربریت اور حیوانیت کو کسی طور جائز نہیں ٹہراتے اور شدت سے مذمت کرتے ہیں اور حکومت افغانستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے اور دنیا بھر کے سکھوں سے معافی مانگے۔اور ان شیطان صفت عناصر کو عبرت ناک سزا دے۔