ریاض(اے یو ایس ) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن [ جی اے سی اے ] نے اعلان کیا ہے کہ حج سیزن 1444 ھ کے آپریشنز کو کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے جاری جائزہ رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے دوران مملکت کے ائیرپورٹس پر 15 لاکھ عازمین حج کی خدمت کی گئی جبکہ 102 عالمی ائیرلائنز کی مدد سے 32 لاکھ افراد کو سعودی عرب آمد اور واپسی کے دوران سہولیات فراہم کی گئی۔
اتھارٹی کے مطابق 2022 کی نسبت حاجیوں کی تعداد میں 86 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن اس کے باوجود تمام مسافروں کو بروقت سہولیات فراہم کی گئی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج نے آپریشنل منصوبے کی کامیابی کا سہرا سعودی قیادت کو دیا کہ جن کے مدبرانہ فیصلوں کی بدولت حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکی۔عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج نے حاجیوں کی ائیرپورٹ آمد و رفت میں ملوث تمام شعبوں کی خدمات پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بہترین فریم ورک اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے سبب ممکن ہوا۔
سعودی عرب کے ائرپورٹس پر اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ فلائٹس انڈونیشیا کے لئے تھی جس کے بعدبالترتیب بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور نائجیریا کی پروازیں تھی۔سعودی سول ایوی ایشن نے حجاج کے لئے چھ ائیرپورٹس مقرر کر رکھے تھے جن میں جدہ کا شاہ عبدالعزیز ائیرپورٹ، ریاض کا شاہ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ، دمام کا شاہ فہد انٹرنیشنل ائیرپورٹ، مدینہ کا شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ائیرپورٹ، ینبع کا شہزادہ عبدالمحسن بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ اور طائف انٹرنیشنل ائیرپورٹ شامل ہیں۔