تہران : فلسطینی انتہاپسند تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل عبد السلام احمدہنیہ بھی عراق میں امریکی ڈرون حملہ میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل کے جنازے کی نماز میں شریک ہوئے ۔
انہوں نے عراق کے بغداد ہوائی اڈے پر ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کے فوجی قافلے پر امریکی ڈرون حملہ کی شدت سے مذمت کی اور جنازے میں شامل ایرانی سوگواروں سے خطاب کرتے ہوئے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو ”شہید یروشلم “ سے تعبیر کیا۔
ہنیہ نے عہد کیا کہ فلسطینی انتہاپسند گروپ بشمول ان کا گروپ جو غزہ پر اپنا کنٹرول رکھتا ہے،صیہونی ارادوں ،پالیسیوں، کارروائیوں اور امریکی غلبہ کے خلاف مزاحمت کرتے رہنے کے لیے جنرل سلیمانی کے نقش قدم چلے گا۔
واضح ہو کہ آج جنرل سلیمانی اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ساتھیوں کی نماز جنازہ رہبر اعلیٰ و قائد اسلامی انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔ ان کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔جنرل سلیمانی کی تدفین منگل کے روز عمل میں آئے گی۔
جنرل سلیمانی کے جانشین اسماعیل غانی ان کے جنازے کے قریب کھڑے تھے انہی کے ہمراہ صدر ایران حسن روحانی اور دیگر اعلیٰ رہنما بھئی جنازے کے قریب ہی کھڑے تھے، نماز جنازہ پرھانے کے دوران ایک موقع پر آیت اللہ خامنہ ای بے اختیارپھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔
ان کے ساتھ ہی دیگر مقتدی بھی خود پر قابو نہ رکھ سکے اور رونے لگے۔نماز جنازہ کے بعد وہاں موجود سوگواروں کے ”امریکہ مردہ باد “ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔