رملہ:(اے یو ایس) حماس(حرکة المقاومة الاسلامیہ )نے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرانے کے حوالے سے فلسطینی صدر محمود عباس کے اعلان کا خیرمقدم کیا ۔
واضح ہو کہ گذشتہ روز صدر عباس کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 22 مئی کو پارلیمانی انتخابات اور 31 جولائی کو صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
فلسطین میں اس سے قبل صدارتی انتخابات جنوری 2005 جبکہ پارلیمانی انتخابات 2006 میں منعقد کئے گئے تھے۔2006 کے انتخابات میں غزہ میں اکثریت لینے والی جماعت حماس نے انتخابات کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
فتح اور حماس نے گذشتہ سال ستمبر میں ہونے والے مذاکرات میں سال 2021 کے دوران فلسطینی انتخابات کرانے پر اتفاق رائے کیا تھا۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کے سربراہ اینٹونیو گوٹیریز نے محمود عباس کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں انتخابات فلسطینی اتحاد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوں گے۔