Haqqani says security incidents in Pakistan due to internal problemsتصویر سوشل میڈیا

کابل:امارت اسلامیہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو بھی حالیہ تخریبی وارداتیں ہو رہی ہیں وہ اس کا داخلی مسئلہ ہے اور اسے خود اپنے طور پر ہی حل کرنا چاہئے لیکن اگر اس نے افغانستان کے خلاف طاقت کا سہارا لیا تو اس سے افغانستان اور پاکستان دونوں کے ہی مفادات کو زبردست نقصان پہنچے گا۔ امارت اسلامیہ کی وزارتی کونسل میں نگراں وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پیر کو اروزگان میں ایک اجلاس میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ واقعات اس ملک کا اندرونی مسئلہ ہیں اور اسے پاکستانیوں کو خود حل کرنا چا ہئے۔ حقانی کے مطابق اگر پاکستان طاقت کا سہارا لینا چاہتا ہے تو دونوں ممالک کے شہریوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔

وزارت داخلہ کے سربراہ نے پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان مذاکرات کے بارے میں کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلیوں اور اس سے پیدا ہونے والی ملک کی صورتحال کے باعث یہ مذاکرات بے نتیجہ رہے۔حقانی نے کہا کہ اگر وہ طاقت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں تو افغانستان اور پاکستان کے مشترکہ مفادات کو نقصان پہنچے گا۔

سراج الدین حقانی نے اس صوبے کے عمائدین سے ملاقات میں مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کے قول و عمل میں تضاد کے حوالے سے کہا کہ وہ انسانیت کی علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتی اور انسانیت کا نعرہ توبلند کرتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کرتی۔ا حقنی نے کہا کہ امارت اسلامیہ کو اگرچہ کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے لیکن اس کے باوجود اس نے بیرونی ممالک کی مدد کے بغیر اپنے مسائل حل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔سراج الدین حقانی نے مزید کہاکہ ایک بار پھر ہم دنیا کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم نہ تو آپ پر اپنی چودھراہٹ جتانا چاہتے ہیں اور نہ ہی آپ سے کوئی مقابلہ کرتے ہیں لیکن ہم اللہ کے شکر گذار ہیں کہ اگر آپ کے پاس ایٹم بم ہو بی 52- ہو یا بغیر پائلٹ والا ہوائی جہاز ہو ہمارے عقیدے سے زیادہ مضبوط نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *