ممبئی: منگل کے روز سی اے جی کے خلاف 39گیندوں پر105رنز کی اننگز کے تین روز بعد ہی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا نے 20چھکوں کی مدد سے158رنز کی طلسماتی اننگز کھیل کر ڈی وائی پاٹل ٹی ٹونٹی کپ میں دھوم مچادی۔

ڈی وائی پاٹل ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جو جمعہ کے روز کھیلا گیا 26سالہ پانڈیا نے ریلائنس 1کی جانب سے کھیلتے ہوئے دوسری سیمی فائنلسٹ بی پی سی ایل کے خلاف محض55گیندوں پر 158رنز بنا کر تہلکہ مچا دیا۔ہاردیک پانڈیا کی اس طوفانی اننگز کی بدولت جو 20چھکوں اور چھ چوکوں سے آراستہ رہی ریلائنس 1نے مقررہ20اوورز میں 4وکٹ پر 238رنز بنائے ۔

پانڈیا نے اپنی اس جارحانہ اننگز میں دوڑ کر صرف14رن لیے باقی اسکور انہوں نے چھکوں اور چوکوں سے پورا کیا۔ریلائنس کی ہی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹسٹ افتتاحی بلے باز شکھر دھون صرف تین رنز ہی بنا سکے۔

اس سے قبل منگل کے روز گھن سولی نوی ممبئی کے ریلائنس کارپوریٹ پارک اسٹیڈیم میں پانڈیا نے نہ صرف 39گیندوںپر105رنز کی اننگز کھیلی بلکہ سی اے جی کے خلاف ہی اپنے فائری اسپیل میں انہوں نے سی اے جی کے بلے بازوں کے چھکے چھڑا دیے اور کوٹے کے چار اووروں میں محض25رنز دے کر 5وکٹ بھی لیے۔

اس میچ میں ریلائنس 1نے سی اے جی کو 101رنز کے زبردست فرق سے ہرایا تھا۔واضح ہو کہ ہاردیک پانڈیا پانچ مہینے پہلے کمر میں چوٹ لگنے کے باعث ٹیم انڈیا سے باہر تھے۔ اور لندن میں زیر علاج تھے۔ انہوںنے اب رو بصحت ہو کر ڈی وائی پاٹل ٹی ٹونٹی کپ میں جو دھوم مچائی ہے اس سے قومی ٹیم میں ان کی واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *