نئی دہلی:(اے یو ا یس) اترپردیش کے ہاتھرس میں دلت لڑکی کی مبینہ اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل معاملہ کی جانچ کر رہی ایجنسیوں نے اس پورے واقعہ میں ایک بڑی سازش کی آہٹ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
جیسے جیسے اس معاملہ کی جانچ آگے بڑھ رہی ہے ویسے ویسے اس معاملے میں کئی چہرے سامنے آنے لگے ہیں۔ یوپی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دلت لڑکی کو انصاف دلانے کی آڑ میں یوپی میں فسادات بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔یوپی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہاتھرس کے بہانے اترپردیش میں بڑی سازش کو انجام دینے کی تیاری تھی۔
معاملہ کی جانچ میں کئی اہم جانکاریاں ملنے کے بعد پولیس اب ایکشن میں آ گئی ہے اور اس سازش کو انجام دینے والوں پر شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔ اترپردیش میں امن وامان میں خلل پیدا کرنے کے الزام میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ایک اہم رکن کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
