سیگریٹ پینا دل اور پھیپھڑوں دونوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے اور امریکہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں امراض قلب، فالج اور پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ اس سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔مگر تمباکو نوشی کا ایک نقصان جلد پر مرتب ہونے والے متعدد اثرات ہیں، جن سے بیشتر افراد واقف نہیں ہوتے۔طبی ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی کے نتیجے میں جلد میں خون کی روانی کم ہوتا ہے جس سے جلد کو ضروری آکسیجن اور غذائیت نہیں مل پاتی اور نقصان دہ فری ریڈیکلز اور آلودگی سے مزید نقصان پہنچتا ہے۔سیگریٹ نوشی سے مدافعتی ردعمل بھی گھٹ جاتا ہے جبکہ جلد کے لیے ضرورت کولیگن اور الیسٹن کو نقصان پہنچتا ہے جس سے جلد کی لچک اور سالمیت کو نقصان پہنچتا ہے۔


جلد پر اس عادت کے اثرات درج ذیل ہیں۔

قبل از وقت بڑھاپا
سیگریٹ پینا بڑھاپے کے عمل کو تیز کردیتا ہے، کیونکہ اس دھوئیں سے تکسیدی تناؤ پیدا ہوتا ہے جو کولیگن کے بننے کے عمل کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے ٹکڑے کرنے لگتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی سے جلد سورج کی روشنی میں موجود شعاعوں کے حوالے سے زیادہ حساس ہوجاتی ہے، دوران خون اور الیسٹن گھٹ جاتا ہے۔ الیسٹن اور کولیگن کی سطح میں کمی سے جلد لٹکنے لگتی ہے کیونکہ یہ دونوں جلد کی ساخت اور لچک کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

جھریاں
سیگریٹ پینے سے جھریاں اور فائن لائنز بھی نمودار ہوتی ہیں، ماہرین کے مطابق دھوئیں میں موجود نکوٹین سے خون کی شریانیں سکڑتی ہیں اور جلد کو آکسیجن اور غذائیت کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بہت تیزی سے گہری جھریاں اور فائن لائنز نمودار ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد کے چہرے پر جھریوں کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے جن کو اسموکرز لائنز بھی کہا جاتا ہے، جس کی وجہ سیگریٹ پینے کے دوران ہونٹوں کے مسلز کی حرکت ہوتی ہے، ایسا بار بار کرنا فائن لائنز اور جھریوں کو اس حصے میں تیزی سے نمودار کرتا ہے۔

جلد کی رنگت متاثر ہونا
اگر آپ تمباکو نوش ہیں تو چہرے کی جلد ہموار اور رنگت صاف رکھنا بہت مشکل ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ اس کے نتیجے میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے جس کے نتیجے میں جلد پر سب سے زیادہ اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس سے رنگت اڑنے، نشان بننے وغیرہ کے مسائل سامنے آتے ہیں۔

ہونٹوں کی رنگت گہری ہوجانا
سیگریٹ کو ہونٹوں میں دبا کو دھواں کھینچنا ہونٹوں کی رنگت بھی بدل دیتا ہے، ماہرین کے مطابق سیگریٹ میں موجود حرارت سے ہونٹوں کی رنگت میں تبدیلی آتی ہے جبکہ وہ خشک اور کھردرے بھی ہوجاتے ہیں۔

زخم بھرنے میں تاخیر
عام طورپر جلد زخم کو تیزی سے بھرنے میں مدد دیتی ہے مگر تمباکو نوشی اسے بدل دیتا ہے۔ خون کی روانی، آکسیجن اور غذائیت کی کمی، جلد کے لیے زخم، سرجری اور چوٹ سے جلد ریکور ہونا آسان نہیں رہتا۔ تمباکو نوشی سے زخم بھرنے کا عمل تاخیر کا شکار ہوتا ہے اور ان میں انفیکشن اور مستقل نشان کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

جلد کا کینسر
ماہرین کے مطابق تمباکو نوش افراد میں جلد کے کینسر کا خطرہ اس عادت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ سورج کی روشنی میں موجود یو وی لائٹ تمباکو نوشی کے عادی افراد کی جلد کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہے، سیگریٹ پینے سے منہ کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

خشک جلد
تمباکو نوشی سے جلد کی نمی بھی متاثر ہوتی ہے، ماہرین کے مطابق سیگریٹ کے دھوئیں سے جلد کی نمی کی سطح کم جاتی ہے، تو ایسے افراد کی جلد اس لت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں عموماً زیادہ خشک ہوتی ہے۔ اس عادت سے دیگر امراض جیسے چنبل کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *