بیروت: (اے یو ایس ) لبنان کے وزیر داخلہ بسام مولوی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران 15 میں سے چار انتخابی اضلاع کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا ہے۔پہلے جنوبی ضلع کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں نے کوئی نشست حاصل نہیں کی۔ جس یہ بات واضح ہو گئی کہ پارلیمنٹ میں حزب اللہ اکثریت کھو بیٹھی ہے۔دریں اثنا پارلیمان کے حزب اللہ کے حمایت یافتہ ڈپٹی سپیکر ایلی فرزلی پارلیمانی انتخابات میں اپنی نشست ہار گئے۔
لبنانی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نتائج یکے بعد دیگرے ظاہر ہوں گے۔ حتمی نتائج کی تصدیق کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹروں کا ٹرن آو¿ٹ اچھا رہا ہے اور پچھلے پارلیمانی انتخابات کے مقابلے کم نہیں ہے۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’لبنانی فورسز پارٹی‘نے بیس نشستیں جیتی ہیں۔ یہ لبنان میں عیسائی برادری کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ اس کے علاوہ فری پیٹریاٹک موومنٹ نے 16 نشستیں حاصل کی ہیں۔ابتدائی نتائج نے یہ بھی اشارہ کیا کہ کم از کم پانچ دیگر آزاد امیدوار جنہوں نے اصلاحاتی پروگرام کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائی تھی جیت گئے۔
آج کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کو انتخابات میں بہ ظاہر کچھ نقصان ہوا کیونکہ ان کے مخالفین میں سے کچھ نے نشستیں حاصل کیں اور ان کے کچھ روایتی ساتھی قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔نئی پارلیمنٹ کو اسپیکر کا انتخاب کرنا ہوگا۔ لبنان میں 1992 سے نبیہ بری پارلیمنٹ کے اسپکر چلے آ رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے انتخاب کے بعد ایوان وزیراعظم کا انتخاب کرے گا۔
