اسلام آباد میں واقع ہندوستان کے ہائی کمیشن نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یوم جمہوریہ جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مشن انچارج سریش کمار نے ترنگا لہرایا اور صدر کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں حب الوطنی کے گیت اور نظمیں سنائی گئیں۔
بنگلہ دیش کے ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ہندوستانی برادری کے ممبروں کے ساتھ یوم جمہوریہ منایا۔ ہائی کمشنر وکرم درویس سوامی نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب میں صدر کا پیغام پڑھا۔ کولمبو میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن میں ہائی کمشنر گوپال باگلے نے ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا۔سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے میں بھی یو م جمہوریہ منایا گیا۔
ہندوستانی سفیر ڈاکٹر آسف سعید نے ترنگا لہرایا اور صدر مملکت کا پیغام پڑھا۔ یوم جمہوریہ نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے میں بھی منایا گیا۔ اس موقع پر ، ہندوستان کے سفیر ونئے موہن کواترا نے نیپال میں ہندوستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔ یہ معلومات سفارتخانے کے ایک ٹویٹ میں دی گئیں۔برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا اور آنے والے مہینوں میں ہندوستان جانے کے اپنے ارادے کا اعادہ کیا۔
جاپان میں ہندوستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پروگرام میں ہندوستان اور جاپان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس کے علاوہ ، بھرتنا یم اور اوڈیشی ڈانس پروگرام بھی متعارف کروائے گئے تھے۔ اس موقع پر ، ہندوستانی سفیر ایس رنگاناتھن نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیﺅل میں ترنگا پرچم لہرایا۔