کولکاتا:مغربی بنگال میں جلپائی گوڑی کے قریب ہونے والے ٹرین حادثہ کی جس میں5افراد ہلاک ہو گئے، کمیشن برائے ریلوے سیفٹی نے تحقیقات کا حکم جاری کر یا۔ واضح ہو کہ یہاں بیکانیر-گوہاٹی ایکسپریس کی 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق حادثے میں 5 افراد ہلاک اور 45 کے قریب زخمی ہوئے۔حکام کے مطابق یہ حادثہ مغربی بنگال کے نیو دیموہنی اور نیو میناگوری ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان شام 5 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ٹرین نمبر 15633 بیکانیر سے گوہاٹی جا رہی تھی۔
ٹرین بدھ کو بیکانیر جنکشن سے نکلی تھی اور جمعرات کی شام کو گوہاٹی پہنچنی تھی۔ مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کے لیے 1 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔وزارت شہری ہوا بازی کے تحت کام کرنے والے ریلوے سیفٹی کمیشن ہندووستان کی ریل سیفٹی اتھارٹی ہے جو سنگین نوعیت کے حادثات کی تحقیقات کرتی ہے۔
