نئی دہلی: بالی وو ڈ کے مشہور گلوکار ، کمپوزر، رائٹر ، پروڈیوسر اور اداکار ہمیش ریشمیا نے ، جو آج کل عنقریب ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ ہیپی ہارڈی اینڈ ہیر‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، کہا ہے کہ ایک ایسا جمعہ آئے گا جب ان کی فلم کی کمائی سے باکس آفس پر ہن برسے گا۔
اکثر اپنے بیانو ں کے حوالے سے سرخیوں میں رہنے والے ریشمیا نے کہا کہ ایک ایکٹر کے طور پر یہ میری 10 ویں فلم ہے ، فلم ہپی ہارڈی اور ہیر، کا میوزک پہلے سے ہی سپر ہٹ ہو گیا ہے ، لیکن یہ صرف میوزک اور خوبصورت لوکیشن کی بات نہیں ہے ، فلم کا کامیاب ہونا بھی ضروری ہے۔
فلم ’ ہیپی ہارڈی اینڈہیر ‘ کی تشہیر کے دوران این بی ٹی سے بات کرتے ہوئے ہمیش نے مزید کہا کہ دیکھئے میرا یہاں تک پہنچ نے کا جو سفر رہا ہے وہ بڑا الٹا رہا ہے ، میں سیریل پروڈیوسر سے میوزیک کمپوزر ، پھر سنگر اور اب ایکٹر بن گیا ہوں، یہ الٹا سفر ہی تو ہے ، میرے اس سفر اور خاص طو رپر ایکٹنگ پر بحث ہوئی کہ میں اداکار کیوں بن گیا ، اس بحث کو میں مثبت لیتا ہوں، سوچتا ہوں ہر شخص کا اپنا ایک نقطہ نظر ہے، میرے بارے میں لوگوں کی رائے بڑی مضبوط ہوتی ہے، یہ اچھی بات بھی ہے ، میں بھی اپنی کارکردگی سے لوگوں کا دل جیتنا چاہتا ہوں۔
لوگوں کی جانب سے خود پر تنقید کئے جانے پرہمیش کا کہناہے کہ لوگوں نے میری گلوکاری اور اداکاری پر سخت تنقید کی ، لیکن میں کہتا ہوں میں نے ہمیشہ غیر روایتی کام کرنے کی کوشش کی ہے ، جب میں نے اپنا پہلا ہٹ گانا ’ عاشق بنایا ‘ گایا تو لوگوں نے کہا کہ ناک سے گایا ہے ، بہت بحث ہوئی اور برائی ہوئی، بعد میں اسی طرز پر سیکڑوں گانے کامیاب ہوئے اور تمام ایوارڈ ملے تو لوگوں کا تصور بدل گیا ۔
انٹرویو میں باتوں کے اختتام پر ہمیش ریشمیا نے کہا کہ ’ جب بھی کچھ نیا کیا جاتا ہے یہ ہوتا ہے تو لوگ اسے اپنانے اور سمجھنے میں وقت لگاتے ہیں ، ایسا ہی میرے گانوں کے ساتھ ہوا، آج کوئی بھی میوزیشن بالی ووڈ کے ٹاپ 10سپر اسٹار میں نہیں ،لیکن ایک گیم چینجر کبھی نہ کبھی تو ہوگا اور مجھے وہ محنت کرنی ہے ، اگر میری اداکاری پر کوئی سوال اٹھتا ہے تو میں اس کا دل جیتنے کی کوشش کروں گا۔
فلم ’ ہپی ہارڈی اینڈ ہیر‘ 31جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی ۔