نئی دہلی: دن بھر بے شمار چیزوں کی وجہ سے ہم ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں اور اس وجہ سے اکثر ہم اپنا غصہ دوسری چیزوں پر یا چیخ و پکار مچا کر نکالتے ہیں۔انسان کو غصہ آنا ایک فطری فعل ہے لیکن اصل مسئلہ تو یہ ہے کہ ہم اپنے غصے پر کس طرح قابو پا رہے ہیں۔غصہ نہ صرف آپ کی جسمانی صحت کے لیے نقصان کا باعث بنتا ہے بلکہ اس سے انسان نفسیاتی طور بھی متاثر ہوتا ہے۔اگر آپ کو شدید غصے کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے تو اس کے لیے ہم آپ کو چند آسان طریقے بتاتے ہیں جس پر عمل کر کے آپ بھی کافی حد تک اپنے اندر کا غصہ ختم کرسکتے ہیں۔
1۔ اگر آپ کو کبھی شدید غصے کا سامنا کرنا پڑے اور آپ اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر پا رہے ہوں تو ماہرِ نفسیات کی اس تجویز پر عمل کریں کہ غصے میں آپ کے دماغ میں جو بھی خیالات ابھر رہے ہیں آپ اسے ایک ڈائری میں لکھنا شروع کردیں، اس طرح کرنے سے آپ اپنے دل کی تمام تر بھڑاس نکال کر اچھا محسوس کرتے ہیں۔
2۔ اگر آپ کو شدید غصہ آئے تو اسے کم کرنے کا سب سے بہترین حل یہ ہے کہ آپ تیز ورزش یا دوڑ لگائیں، ورزش کرنے سے انسان کے جذبات بھی قابو میں رہتے ہیں جب کہ اس سے آپ اپنے اندر کی بڑھاس کو بھی باہر نکال سکتے ہیں۔
3-و زش کی وجہ سے آپ کا دماغ بھی اس سوچ سے پیچھے ہٹ جاتا ہے جس کے بارے میں بار بار سوچ کر آپ کو غصہ آرہا ہوتا ہے، اگر آپ دوڑ کے لیے کہیں باہر نہیں جاسکتے تو آپ اپنے ہی گھر میں کسی سکون والی جگہ پر بیٹھ کر یوگا کرلیں کیونکہ ایسا کرنا بھی غصے کو کم کرتا ہے۔
4۔ غصے میں ہونے کی وجہ سے آپ کے دماغ میں بے شمار منفی سوچیں آنا شروع ہوجاتی ہیں، اس کے لیے آپ لمبی سانس لینے کی مشق کریں اور ساتھ ہی منفی سوچ کے برعکس سوچیں اور مثبت سوچ دماغ میں لاتے ہوئے یہی سوچیں کے یہ وقت یا لمحہ گزر جائے گا۔ایسا کرنا آپ کو غصے کی حالت سے نکال سکتا ہے اور کافی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔