ڈھاکہ:دارالخلافہ ڈھاکہ میں ایک مارکیٹ میں بھیانک آگ سے سینکڑوں دکانیں جل گئیں۔ چونکہ محمد پور کرشی مارکیٹ میں خوردنی تیل اور پلاسٹک کی اشیا کی دکانیں بڑی تعداد میں تھیں اس لیے آگ تیزی سے پھیل گئی اور 217 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کا یہ واقعہ دکانیں اور گودام کھلنے سے پہلے رونما ہوا اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈھاکہ نارتھ سٹی کارپوریشن( ڈی این سی سی) کے سی ای او سلیم رضا کے مطابق اگرچہ ابتدائی طور پر تاجروں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ آگ سے 350 دکانیں جلی ہیں ، لیکن اصل تعداد 217 ہے۔مقامی حکام کے مطابق فوجی دستوں اور آگ بجھانے والے عملہ نے 6 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائر سروس کے اہلکار شاہجہاں سکندر کے مطابق آگ ممکنہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
واضح رہے کہ قومی دارالخلافہ ڈھا کہ میں گنجان آبادی اور آتشزدگی سے بچنے کے لیے عمارتوں میں مناسب حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے نیز ناقص گیس سلنڈرز ور ایئر کنڈیشنرز اور بجلی کی خراب وائرنگ کے باعث حالیہ برسوں میں آگ لگنے کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے اس سال اپریل میں بھی ڈھاکہ کے شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں کئی فائر فائٹرز زخمی اور 5 ہزار سے زائد دکانیں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔یک دکان مالک نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس کے کنبہ کا تمام تر دارومدار اس دکان پر ہی تھا جو اب جل کر راکھ کے ڈھیر میں بدل گئی اب میں کیا کروں گا۔