بو لمفونٹین(جنوبی افریقہ): یہاں انڈر نائٹین ورلڈ کپ کے کھیلے گئے دو میچوں میں پاکستان نے کافی نشیب و فراز والے میچ میں زمبابوے کو 38رنز سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ نے کانٹے کے مقابلہ میں سری لنکا کو 3وکٹ سے ہرایا۔295رنز کا ٹارگٹ دے کر پاکستان نے اپنے فاسٹ و اسپن بولنگ کے ملے جلے اٹیک کی مدد سے زمبابوے کی پوری ٹیم کو 256رنز پر آؤٹ کر دیا۔اگرچہ ایک موقع پر جب زمبابوے200کا ہندسہ پار کر چکا تھا اور اس کے ابھی سات وکٹ باقی تھے زمبابوے کے خیمے میں سکون و اطمینان کی لہرتھی پاکستانی کرکٹ شوقین بے چینی سے پہلو بدلتے نظر آرہے تھے۔

لیکن پاکستانی بولروں نے اپنے اعصاب برقرار رکھتے ہوئے منصوبہ کے عین مطابق اٹیک جاری رکھا اور فاسٹ بولر عباس علی نے اننگز کے 39ویں اور اپنے ساتویں اوور کی تیسری اور پانچویں گیند پر بتدریج خطرناک رخ اختیار کرنے والے بلے باز ایم شمبااو ٹی مرومانی کو 209مجموعے پر پویلین کی راہ دکھا کر جہاں ایک طرف اس اوور کو میچ کا یادگار اووربنا دیا وہیں دوسری جانب میچ کا پانسہ اپنے ٹیم کے حق میں کر نے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کر لی ۔لیکن دوسری طرف زمبابوے آسانی سے گھٹنے ٹیکتا نظر نہیں آرہا تھا اور اپنے آخری تسلیم شدہ بلے باز تورائی توگویٹ کی مدد سے زبردست مزاحمت جاری رکھی۔ اوراسکور مزید کسی نقصان کے 231تک پہنچا دیا۔ لیکن اس اسکور پرلیفٹ آرم اسپنر عامر علی نے لیوک اولڈ نو کو اسٹمپ آؤٹ کرا کے پاکستان کو فتح کا دروازہ دکھا دیا جسے عباس اور طاہر پر مشتمل فاسٹ بولنگ جوڑی نے لگاتار اووروں میں چار وکٹ لے کر پوری طرح کھول کر پاکستان کو اس میں داخل کر دیا۔ طاہر حسین نے تین وکٹ لیے جبکہ عباس ، عامر اور آف اسپنر قاسم اکرم نے دو دو وکٹ لیے۔

زمبابوے کی جانب سے شمب 82گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے58رنز بنا کر نمایاں رہے ۔مادھے ویر نے 55گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے53،کپتان ڈی مائرس نے 50بالوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 39اور توگویٹ نے 21گیندوں پر دو چوکوں کےساتھ23رنز بنائے۔ اس سے قبل پہلے بلے بازی کے لیے مدعو کیے جانے پر پاکستان نے محمد حارث کی 48گیندوں پر 81رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت جس میں انہوں نے 6چوکے اور چار چھکے لگائے مقررہ50اووروں میں9وکٹ پر294رنز بنائے۔قاسم اکرم نے 50گیندوںپر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54اور فہد منیر نے 79گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے53رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے ڈی گرانٹ 3وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے۔ محمد حارث کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایک دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو3وکٹ سے ہرایا۔243ہدف کے تعاقب میں اگرچہ سری لنکائی بولروں نے 48ویں اوور میں نیو زی لینڈ شکست کے دہانے پر نظر آرہا تھا کیونکہ اسے بتدریج ہدف تک لے جانے والے بلے باز وہیلر گینال80رنز بنا کراور اسی اوور میں وکٹ کیپر سونڈے چھٹی اور ساتویں وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے تواس وقت نیوزی لینڈ منزل سے 14قدم دور تھا اور صرف 8گیندیں باقی تھیں اور کوئی تسلیم شدہ بلے باز باقی نہیں بچا تھا لیکن فاسٹ بولروں جوئے فیلڈ اور کرسٹیان کلارک نے حوصلہ نہیںہارا اور ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور آخری اوور میں درکار 12رنز بنانے کے لیے اکے دکے سے منزل کی جانب بڑھتے رہے اور پانچویں گیند پر کلارک نے چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو منزل پار کرادی۔پاکستان اور نیوز ی لینڈ اس جیت کے ساتھ ہی اپنے اپنے گروپ میں دوسری پوزیشن پر آگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *