سنچورین: تین ہاف سنچریوں بشمول کپتان ایوان مورگن کی22گیندوں پر57 اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی 12گیندوں پر22رنز کی طوفانی سنچریوں کی مدد سے انگلستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 5وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی۔
جنوبی افریقہ نے 223رنز کا ہدف دیا۔جس کا تعاقب کرتے ہوئے اگرچہ دوسرے اوور میں ہی محض16مجموعے پر انگلستان جیسن رائے جیسے غضب کی بیٹنگ کرنے والے بلے باز سے محروم ہو گیا لیکن دورے افتتاحی بلے باز وکٹ کیپر جوز بٹلر نے ساتھی افتتاحی بلے باز کو آؤٹ کرنے کا انتقام لیتے ہوئے انگریز بولروں کی خبر لینا شروع کر دی اور ایسی دھنائی کی کہ جان بیرسٹو کے ساتھ مل کر محض47گیندوں پر 91رنزبنا کر ٹیم کو نصف منزل طے کرادی ۔اگرچہ106مجموعے پر بٹلر 29گیندوں پر 9چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے57 رنزبنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن اس وقت تک وہ ٹیم کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے مڈل آرڈر کی راہ آسان کر چکے تھے۔
کپتان مورگن اور بیرسٹو نے بٹلر کے بھی آؤٹ ہوجانے کے باوجود اپنا جارحانہ انداز ترک نہ کیا۔اور رنز بنانے کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے 18گیندوں کی تیسری وکٹ پارٹنرشپ میں 34رنز بنا کر اسکور140تک پہنچایا ۔ اگرچہ پانچ رن کے ہی اضافہ کے بعد ڈیوڈ ملان کوئی خاص تعاون دیے بغیر پویلین لوٹ گئے لیکن بین اسٹوکس نے مورگن کا زبردست ساتھ دیتے ہوئے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھنا جاری رکھا اور پانچویں وکٹ کے لیے 27گیندوں پر 61رنز بنا کر اپنا کردار بخوبی نبھایا۔ 206مجموعے پر اسٹوکس 12گیندوں پر 22رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔جیت کا مطلوبہ اسکور مورگن نے آل راؤنڈر معین علی کے ساتھ صرف 6گیندوں پر پورا کر لیا۔
مورگن 7 زوردار چھکوں کے ساتھ22گیندوں پر57اور معین علی 2گیندوں پر ایک چوکے کے ساتھ5رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اینگیڑی 2وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ فیلوکوویو، تبریز شمسی اور پری ٹورئیس نے ایک ایک وکٹ لی۔مورگن کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان جنوبی افریقہ نے مقررہ20اووروں میں 6وکٹ پر 222رنز بنائے۔ جس میں ہنریچ کلاسین نے 33گیندوں پر 4چوکوں اور چار ہی چھکوں کی مدد سے64رنز بنائے۔ ٹمبا باؤما نے24گیندوں پر 4چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ49،کپتان ڈی کوک نے 24گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کے ساتھ 35رنز بنائے۔
یوڈ ملر 20گیندوں پر 3چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے35رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلستان کی جانب سے ٹام کورین اور بین اسٹوکس نے دو دو اور مارک ووڈ اورر عادل رشید نے ایک ایک وکٹ لی۔