نئی دہلی:بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور جو آج کل اپنے شوہر آنند اہوجہ کے ہمراہ لندن کی سیر پر ہیں اس وقت سرخیوں میں آ گئیں ہیں جب انہوںنے لند ن میں اپنے ساتھ ٹیکسی کیب میں ہوئے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے سبھی کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
سونم کپور آہوجا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اس حوالے سے لکھا ’ میں نے لندن کی اوبر کیب میں سب سے خوفناک تجربہ کیا ہے ، مہربانی کر کے محتاط رہیں، سب سے بہتر اور محفوظ ہے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنا ، میں پوری طرح سے خوف زدہ ہو گئی ہوں۔پھر کیا تھا !یہ جاننے کے لئے کچھ لوگوں نے سونم کپور سے پوچھا کہ ایسا کیا ہوا اور اپ کو کیا جھیلنا پڑا جس سے ان کی یہ حالت ہو گئی، حالانکہ سونم نے اپنے اس ٹوئٹ کئے پوسٹ میں یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کے ساتھ آخر ہوا کیا ہے۔
جب ایک خاتون ٹوئٹر صارف نے کمینٹ باکس میں سونم سے پوچھا کہ آخر ایسا کیا ہواہے ، وہ اس لئے جاننا چاہتی تھیں کیونکہ وہ لندن میں ہی رہتی ہیں اور اس سے انہیں مدد مل سکتی ہے، یہ پڑھ کر اداکارہ سونم کپور نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ ڈرائیور کی حالت ٹھیک نہیں تھی اور وہ میرے اوپر بری طرح سے چیخ چلارہاتھا ، میں اس وجہ سے کافی اندر تک ڈر گئی ہوں ۔
وہیں سونم کپور کے ذریعہ کئے گئے اس ٹوئٹ پر اوبر کیب کی جانب سے بھی جواب دیا گیا ہے، اوبر نے کہا کہ صارفین کسی بھی پریشانی پر براہ راست بات کرنے لئے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ اس پر سونم کپورنے جواب دیا کہ میں نے کئی بار کوشش کی بات کرنے لیکن کامیابی نہیں ملی۔آپ اپنے سسٹم کو اپڈیٹ کریں۔
اس واقعہ سے کچھ دن قبل برٹش ایئر ویز میں انکا بیگ بھی دو بار غائب ہوگیا تھا ، اس حوالے سے سونم نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ تیسری بار اس ائرلائنس میں سفر کر رہی ہیں اور ان کا بیگ دوسری بار کھو گیا ہے ، اس سے انہوں یہ سبق لیا ہےکہ دوبارہ برٹش ائرویز میں سفر نہیں کرنا ، اس پر برٹش ایئرویز نے سونم سے معافی مانگی تھی اور انہوں نے بیگ لوٹانے کی بات کہی تھی۔