اسلام آباد:(اے یو ایس ) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔تحریک انصاف رہنما بابراعوان کے ذریعے دائر کی گئی آرٹیکل 184 تین کی آئینی درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مو قف اختیار کیا گیا کہ اپنی جماعت کو چھوڑنے اور پیسے لے کر ایوان میں پالا بدلنے والے ارکان آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جماعت کی پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے مطابق کارروائی ہوتی ہے، پارٹی ٹکٹ پر الیکشن جیت کر عوام کے ووٹ کو بیچا نہیں جاسکتا۔درخواست کے متن میں کہا گیا کہ پارٹی سے منحرف ہونے والے ارکان اسمبلی کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے، جو بھی رکن پارٹی کو چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائے، پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے، سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ منحرف ارکان کا ڈالا گیا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے اور اسے متنازع تصور کیا جائے۔اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن ا?ف پاکستان (ای سی پی) میں منحرف اراکین سے متعلق درخواست دائر کی جاچکی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست اسد محمود ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔منحرف اراکین کے خلاف درخواست میں مو?قف اپنایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے جلسے میں قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ حکومت کے خلاف غیر ملکی سازش ہوئی ہے۔
