لاہور: (اے یو ایس ) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے مطالبہ میں ان کی پارٹی کا اسلام آباد تک طویل مارچ25مئی کو شروع ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اس طویل مارچ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کی پر زور اپیل کی۔
پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر طلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان 25 تاریخ کو صبح ریلی کی صورت میں پشاور سے نکلیں گے اور سرینگر ہائی وے پہنچیں گے۔انھوں نے کہا کہ ’اس دوران جلسہ کرنا ہے یا جلوس، اس کا اعلان 25 مئی کو تین بجے کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سرینگر ہائی وے کا انتخاب یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔‘انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی سے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے اور بغیر وردی میں لوگ جاتے ہیں، ان کو رات کو اٹھایا جاتا ہے اور ان کے گھر والوں سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔
‘انھوں نے کہا کہ ’اسلام آباد آنے کی کال خیبر پختونخوا اور پنجاب کے لیے ہے جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ میں لوگ نکلیں گے، جبکہ سندھ میں مختلف شہروں خصوصاً کراچی، حددرآباد اور سکھر میں لوگ باہر نکلیں گے۔‘فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’آپ لاکھوں لوگوں کو نہیں روک سکتے، اگر روکیں گے تو معاشرے میں تلخیاں بڑھیں گی۔‘
